Tuesday June 17, 2025

لاہور میں سیاسی گرما گرمی، وزیراعظم بنی گالہ میں پرسکون کرتے رہے عمران خان نے چھٹی والے دن اپنے پالتو کتوں کی دیکھ بھال کی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور میں پی ڈی ایم کا حکومت مخالف سیاسی جلسہ، وزیر اعظم عمران خان اسلام آباد میں پرسکون انداز میں چھٹی گزارتے رہے ۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے دن وزیراعظم خان نے اپنا دن بنی گالہ میں اپنی رہاہش گاہ پر گزارا۔ سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر میں وزیراعظم پراعتماد اور ہشاش بشاش نظر آرہے ہیں۔ پاکستان ڈیموکریٹک کی سیاسی سرگرمیوں کو وزیراعظم نے لفٹ ہی نہیں کرائی، عمران خان نے چھٹی والے دن کچھ دیر کے لیے پالتو کتوں کی دیکھ بھال کی، اس حوالے سے تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیراعظم اپنے پالتو کتوں کی دیکھ بھال کررہے ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان نے پالتو جانوروں کے ساتھ تصاویر انسٹاگرام اور فیس بک پر بھی شیئر کیں۔

عمران خان نے پالتو کتوں کو خود خوراک کھلائی اور کچھ وقت ساتھ گزارا۔ سیاسی گرما گرمی میں وزیراعظم ریلیکس موڈ میں نظر آئے۔وزیراعظم کچھ دیر کے لیے سیاسی مصروفیات چھوڑ کر پالتو کتوں کے پاس پہنچے اور جانوروں کی دیکھ بھال کی۔ واضح رہے کہ پی ڈی ایم کا لاہور میں تاریخی جلسہ جاری ہے، جس میں حکومت کیخلاف حتمی اعلانات کا امکان متوقع ہے ۔ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی جانب سےمینار پاکستان پر کیے جانے والے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور پنڈال بھی تیار کیا جا چکا ہے جبکہ کارکنان کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ منتظمین کے مطابق پنڈال میں پچاس ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئیں ہیں جبکہ 120 فٹ لمبا اور 60 فٹ چوڑ اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔ اسٹیج پر 80 فٹ لمبی اور 20 فٹ چوڑی اسکرین بھی لگائی گئی ہے جبکہ پنڈال میں کارکنان کا خون گرمانے کے لیے ساؤنڈ سسٹم بھی لگا دیا گیا ہے۔ دوسری جانب لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم سینئر رہنماؤں کو تھریٹ لیٹرز بھجوا دیئے ہیں جس میں ان کو خطرے سے آگاہ کیا گیا ہے۔