Friday May 17, 2024

پی ڈی ایم جلسے سے قبل مینار پاکستان کے اطراف کے کئی علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاون نافذ،بڑے ہسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ۔

لاہور(ویب ڈیسک) پی ڈی ایم جلسے سے قبل مینار پاکستان کے اطراف کے کئی علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاون نافذ، جلسہ کی مناسبت سے شہر کے بڑے ہسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ سمیت الائیڈ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وباء کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظرلاہورکے مزید 13علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون لگا دیا گیا۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق کچا مشن داس،گلی میاں وچو والی رنگ محل،گلی نمبر 7 اندرون شیراں والا گیٹ،

فضل سویٹس والی گلی موچی گیٹ،گلی کوشا عالم یاربھاٹی گیٹ،مکان نمبر 100اسلامیہ پارک، گلی نمبر61، المدد پاک کالونی راوی روڈ،گلی طفیل قلعہ لکشمن ،گلی نمبر 3راوی روڈ،گلی نمبر13قصور پورہ،بادامی باغ میں مین گلی کھوکھر روڈ،گلی نمبر 6داتا نگر،گلی نمبر 7-Aصدیقیہ کا لونی اورگلی نمبر 3محلہ کچی آبادی اقبال پارک کے علاقوں کو بند کر دیا گیا۔ لاک ڈائون والے علاقوں میں تمام شاپنگ مالز،ریسٹورانٹ، سرکاری و نجی دفاتربند رہیں گے۔ علاقہ مکینوں کی نقل و حمل محدود ہو گی، انتہائی ضرورت کے پیش نظر ایک فرد ایک سواری استعمال کر سکے گا، ہر قسم کے اجتماعات پر مکمل پابندی ہو گی، تمام میڈیکل سروسز، فارمیسی، میڈیکل سٹور،لیبارٹریاں،کولیکشن پوائنٹس،ہسپتال اور کلینکس 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔ ملک شاپس،چکن اور گوشت/مچھلی کی شاپس اور بیکریاں صبح 7سے شام 7بجے تک کھلی رہیں گی، گروسری سٹورز،جنرل سٹورز،آٹا چکیاں،فروٹ،سبزی کی دوکانیں، تندور اور پیڑول پمپس 9بجے سے شام 7بجے کھل سکیں گی۔ دوسری جانب پی ڈی ایم جلسہ کی مناسبت سے شہر کے بڑے ہسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جبکہ محکمہ صحت، ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ سمیت الائیڈ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جبکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جلسہ گاہ کے قریب عارضی ہسپتال قائم کرنے کابھی فیصلہ کیاگیا ہے۔

FOLLOW US