Thursday May 2, 2024

بھارتی فوج ایک اور فالس فلیگ آپریشن کی تیاریوں میں مصروف ، توجہ ہٹانے کیلئے پلوامہ طرز کے حملے اور سرجیکل اسٹرائیک کی تیاریاں، پاک فوج ہائی الرٹ

راولپنڈی (ویب ڈیسک) بھارت کی فوج کی طرف سے ایک اور فالس فلیگ آپریشن کی تیاریوں میں مصروف ہونے کی اطلاعات ملنے پر پاکستان میں فوج کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ہندوستان ایک بار پھر خطے میں امن تباہ کرنے کیلئے سرگرم ہوگیا جس مقصد کے لیے بھارت ایک اور فالس فلیگ آپریشن کی تیاریوں میں مصروف ہے جس کے تحت ہندوستان پلوامہ طرز پر ایل او سی ، ورکنگ باونڈری پر کسی بھی قسم کے ایکشن کی تیاریوں میں مصروف ہے۔

بتایا گیا ہے کہ بھارت کی طرف سے ملک میں جاری کسانوں کے احتجاج اور کشمیر میں کیے جانے والے مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے فالس فلیگ آپریشن کی تیاریاں کی جارہی ہیں جس کی ایک وجہ لداخ اور دوکلم کے واقعات کے بعد ہونے والی ہزیمت کی وجہ سے بھارت پر پڑنے والا اندرونی اور بیرونی دباو بھی ہے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھڑک ماری اور کہا تھا کہ نریندر مودی نے پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کا حکم دے دیا ، جس پر پاکستان نے بھی فوری بھرپور ردعمل دیا ، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کسی بھی حرکت سے قبل گزشتہ برس فروری میں دیے گئے پاکستان کے موثر جواب کو یاد رکھے۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہاتھا کہ بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ کے مطابق پاکستان پر سرجیکل اسٹرائیک اور فضائی حملے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، امت شاہ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے حکم دیا ہے کہ پاکستان میں سرجیل اسٹرائیک کی جائیں ، یہ خبریں سامنے آنے کے بعد پاکستان کے دفتر خارجہ نے فوری ردعمل دیا۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس فروری میں ہوئی اپنی شکست کو مت بھولے ، پاکستان نے گزشتہ برس فروری میں جو موثر جواب دیا تھا، بھارت اسے یاد رکھے۔

FOLLOW US