Friday May 3, 2024

فیصل مسجد کا اندرونی ہال سیل کردیا گیا کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث انتظامیہ نے ہال سیل کیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت کی سب سے بڑی مسجد ،فیصل مسجد کے اندرونی ہال کو سیل کردیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز باجماعت نماز کے دوران کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی گئی اور انتظامیہ کے کورونا کے حوالے سے جاری احکامات کو نظر انداز کیا گیا۔ جس کے بعد آج دارالحکومت کی انتظامیہ نے مسجد کا اندرونی ہال بند کردیا ہے ۔ ہال کی بندش کے بعد اب مسجد کے ہال میں باجماعت نماز ادا نہیں کی جاسکے گی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث مزید 58 افراد انتقال کر گئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 3 ہزار 308 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے ملک میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 16 ہزار 499 ہو گئی ہے۔ ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 58 افراد کے انتقال کے بعد پاکستان میں کورونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 8 ہزار 361 ہو گئی ہے، جبکہ 2 ہزار 436 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ این سی او سی کے اعلامیے کے مطابق اس وقت پاکستان میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 53 ہزار 126 ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 483 کورونا مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد ملک میں کورونا سے صحت یاب افراد کی تعداد 3 لاکھ 55 ہزار 12 ہوگئی ہے۔

FOLLOW US