Monday May 6, 2024

نواز شریف کو آستین کا سانپ قرار دینے کا بیان بھاری پڑ گیا، جے یو آئی نے حافظ حسین احمد کو عہدے سے ہٹا دیا۔۔

اسلام آباد (ویب ڈیسک) نواز شریف کیخلاف بیان دینے والے جے یو آئی رہنما عہدے سے فارغ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کیخلاف بیانات دینے والے جے یو آئی رہنما حافظ حسین احمد کیخلاف ان کی جماعت کی جانب سے ایکشن لیا گیا ہے۔ نواز شریف کیخلاف میڈیا پر بیانات دیے جانے کے بعد اب جے یو آئی نے حافظ حسین احمد کو پارٹی ترجمان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ واضح رہے کہ پی ڈی ایم جلسوں میں پاک فوج کیخلاف سخت بیانات دیے جانے کے بعد جمعیت علماء اسلام ف کے اہم رہنما حافظ حسین احمد نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو آستین کا سانپ کہہ دیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ میں اس ملک کا رہنے والا ہوں، یہ ملک ہے تو ہم ہیں، ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ہر چیز کی ایک ریڈ لائن ہوتی ہے، ایک حد ہوتی ہے، ہم یقیناً اس وقت اس مقام پر پہنچ چکے ہیں کہ سابق وزیراعظم نے وہ حد کراس کرلی۔ ماضی میں جب پہلے نوازشریف لندن میں بیٹھے تھے، جس وقت قاضی حسین احمد بھی اس وقت زندہ تھے، اس وقت وزیراعظم عمران خان کو بھی بلایا گیا جو اس وقت صرف تحریک انصاف کے چیئرمین تھے اور طے پایا کہ پریز مشرف کی حکومت کے زیر نگرانی الیکشن کا بائیکاٹ کیا جائے گا، باقی تمام جماعتوں کو نوازشریف نے بائیکاٹ پر لگادیا، لیکن خود نوازشریف نے اپنا موقف بدل لیا۔ حافظ حسین احمد نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک کا مقصد مڈٹرم الیکشن، جمہوریت اور آئین کی بحالی تھا۔ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کیلئے پی ڈی ایم عمران خان کی حکومت کیخلاف تشکیل دی گئی تھی۔ لیکن پی ڈی ایم کو نوازشریف نے ہائی جیک کرلیا ہے۔ پی ڈی ایم میں شامل باقی 10 پارٹیوں کے لیے نوازشریف کی تقاریر لمحہ فکریہ ہے۔

FOLLOW US