Wednesday May 15, 2024

گلگت بلتستان انتخابی مہم کے دوران پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے کارکنوں کے درمیان تصادم، گولیاں چلا دی گئیں

گلگت (ویب ڈیسک) گلگت بلتستان انتخابی مہم کے دوران پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے کارکنوں کے درمیان تصادم۔ تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں الیکشن مہم عروج پر ہے۔ حکومتی جماعت سمیت تمام بڑی و چھوٹی سیاسی جماعتیں بھرپور انتخابی مہم چلا رہی ہیں۔ ملک کے موجودہ کشیدہ سیاسی حالات کی وجہ سے 15 نومبر کو شیڈول انتخابات گلگت بلتستان کی تاریخ کی سب سے اہم انتخابات قرار دیے جا رہے ہیں۔ اب اطلاعات کے مطابق انتخابی مہم کے دوران اتحادی جماعتوں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان مبینہ طور پر مسلح تصادم ہوا ہے۔ ن لیگ نے پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر حملہ کرنے اور گولیاں برسانے کا الزام عائد کر دیا۔

ن لیگ کے رہنما عمران میر کی جانب سے انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کی موجودگی میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ان کی گاڑی اور دیگر لیگی کارکنوں پر فائرنگ کی۔ ن لیگ کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ گلگلت حافظ حفیظ الرحمان نے بھی پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر فائرنگ کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی مذمت کرتے ہیں، یہ واقعہ گلگت بلتستان کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ گلگت بلتستان کے یادگار چوک میں پیش آیا۔ واضح رہے کہ دونوں جماعتیں پی ڈی ایم پلیٹ فارم پر اتحادی ہیں، تاہم گلگلت بلتستان الیکشن مہم کے دوران دونوں جماعتوں علیحدہ مہم چلا رہی ہیں۔

FOLLOW US