لاہور (نیوز ڈیسک) اورنج لائن میٹروٹرین میں مسافروں کا رش لگنے پر دو گروپوں میں جھگڑا ہوگیا،دونوں ایک دوسرے کو لاتوں اور گھونسوں سے مارتے رہے،جھگڑے سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔ تفصیلات کے مطابق اورنج لائن میٹروٹرین میں مسافروں کا رش لگنے اور تلخ کلامی پر لڑکوں کے دو گروپوں میں جھگڑا ہوگیا۔
اس موقع پر لڑکے رش کے دوران بھی ایک دوسرے کو لاتوں اور گھونسوں سے مارتے رہے۔جس سے سیٹوں پر بیٹھے مسافروں پر کھڑے مسافر بھی گر پڑے۔ بتایا گیا ہے کہ لڑکے سمن آباد اسٹیشن سے اورنج لائن میں سوار ہوئے تھے۔جھگڑے سے ٹرین میں لوگوں میں خوف پھیل گیا، جبکہ مسافروں کو شدید پریشانی اور دشواری کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ انچارج اورنج لائن ٹرین عزیز شاہ نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔ واقعے کی ویڈیوفوٹیج مل گئی ہے، اب اس واقعے کی مزید چھان بین کی جارہی ہے کہ ان لڑکوں کے درمیان کس بات پر جھگڑا ہوا تھا۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ اورنج لائن ٹرین میں جھگڑے کی کوئی تحریری درخواست نہیں ملی، درخواست ملنے پر جھگڑا کرنے والوں کیخلاف کاروائی کریں گے۔ واضح رہے پچھلے مہینے 25 اکتوبر کو لاہور میں اورنج لائن ٹرین چلا دی گئی ہے۔
جو کہ لاہور کے باسیوں کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں ہے،دفاترز اور کاروباری مقامات پر کام کرنے والے اور تعلیمی اداروں کے طلباء، عام شہری لاکھوں کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر سفر کررہے ہیں۔ لیکن صبح اور شام کے اوقات میں رش زیادہ ہوتا ہے۔ اس کے باوجود شہری ٹرین کے سفر کو آرام دہ ، صاف ستھرا قرار دے رہے ہیں۔ٹرین کا ٹکٹ بھی 40روپے زیادہ نہیں ہے، جبکہ ٹرین میں دوسری سواری کی نسبت سفر بھی آرام دہ ہونے کے ساتھ وقت کی بھی بہت زیادہ بچت ہوجاتی ہے۔جس کے باعث شہری ٹرین کے سفر کو ترجیح دے رہے ہیں۔