Thursday May 16, 2024

بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر دنیا کے سب سے سنگین ترین انسانی بحران کا سامنا کررہا ہے،عالمی برادی کو نوٹس لینا چاہیے

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پانچ اگست 2019ء کوبھارت کا یکطرفہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جینوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے،بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر دنیا کے سب سے سنگین ترین انسانی بحران کا سامنا کررہا ہے،عالمی برادی کو نوٹس لینا چاہیے ۔ اپنے بیان میں انہونے کہاکہ چھ نومبر جموں وکشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ تہتر سال قبل آج کے دن راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی پشت پناہی میں ڈوگرہ اور قابض بھارتی افواج نے منصوبہ بندی کے تحت دولاکھ سینتیس ہزار سے زائد مسلمانوں کو شہید کیا تھا،

جنگ عظیم دوئم کے بعد پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں نسل کشی کا واقعہ رونما ہوا،یہ خطے میں آباد غالب مسلمان آبادی کو منظم انداز میں ختم کرنے کی سوچی سمجھی سازش تھی تاکہ یہاں آبادی کا تناسب تبدیل کردیاجائے۔ انہوںنے کہاکہ پانچ اگست دوہزار انیس کے بھارت کے یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات جموں میں ہونے والے اس بہیمانہ قتل عام کا افسوسناک تسلسل ہے۔ان اقدامات کا مقصد بھی غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کی غالب مسلم آبادی کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جینوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران قابض بھارتی افواج نے ظلم وجبراور استبداد کے تمام ہتھکنڈے استعمال کئے اور کشمیری عوام کے ہر حق کو بری طرح سے پامال کیا۔انہوںنے کہاکہ بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر دنیا کے سب سے سنگین ترین انسانی بحران کا سامنا کررہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ تاریخ اس حقیقت کی گواہ ہے کہ بدترین بھارتی جبرواستبداد بھی کشمیری عوام کے عزم وہمت کو متزلزل نہیں کرسکا بلکہ قابض بھارتی افواج کے ان پر ڈھائے جانے والے سنگین ترین مظالم کے نتیجے میں کشمیری عوام کے آہنی عزم اور غیرمتزل ارادے میں مزید مضبوطی آئی ہے۔

انہوںنے کہاکہ آج کے اس تاریخی دن پر ہم جموں میں کشمیریوں کی نسل کشی کے نتیجے میں شہادت کا عظیم درجہ پانے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ ہمارا دنیا سے مطالبہ ہے کہ آج کے دن یہ عہد کرے کہ آئندہ کبھی بھی ایسا بہیمانہ ظلم دوہرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوںنے کہاکہ عالمی برادری غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکنے اور انسانوں کو درپیش مخدوش ترین صورتحال کے حل میں مدد کے لئے فوری اقدامات کرے اور بھارت پر زور دے کہ کشمیری عوام کے حقوق کی پاسداری سے متعلق اپنی عالمی ذمہ داریوں کو پورا کرے۔ پاکستان اٴْس وقت تک کشمیریوں کی بھرپور حمایت کرتا رہے گا جب تک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اقوام متحدہ کی نگرانی میں غیرجانبدارانہ اور شفاف رائے شماری کے ذریعے انہیں ان کا جائز استصواب رائے کا حق نہیں مل جاتا۔

FOLLOW US