Wednesday May 15, 2024

حکومتی عہدیداران کو3 دن کے اندرگلگت بلتستان چھوڑنے کا حکم

گلگت (ویب ڈیسک) چیف کورٹ گلگت بلتستان کی طرف سے تمام وفاقی وزرا اور حکومتی عہدیداران کو3 دن کے اندر گلگت بلتستان چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق انتخابی مہم کےضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دائر کی گئی درخواست پر گلگت بلتستان چیف کورٹ کی طرف سے حکم سناتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ تمام وفاقی وزرا اور حکومتی عہدیداران کو 3 دن کے اندر گلگت بلتستان چھوڑ دیں ، عالدتی حکم میں چیف الیکشن کمشنر ، وزیراعلیٰ اور چیف سیکریٹری کو فوری طور پر فیصلے پر عمل درآمد کی ہدایت کردی گئی ۔

بتایا گیا ہے کہ رٹ پٹیشن کی سماعت چیف کورٹ گلگت بلتستان کی عدالت میں ہوئی ، جہاں ایک رٹ پٹیشن پیپلزپارٹی اورن لیگ کے عہدیداران کی جانب سے دائر کی گئی تھی ، جس پرفیصلہ جسٹس ملک حق نواز اورجسٹس علی بیگ پرمشتمل بینچ کی طرف سے سنایا گیا۔ اس سے قبل گلگت بلتستان انتخابات کے سلسلے میں پیپلزپارٹی نے چیف الیکشن کمشنر پر جانبداری کا الزام عائد کردیا ، بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر اسلام آباد میں وزیروں سے ملاقات کیوں کر رہا ہے؟ وہ اپنی ملاقاتوں کی تفصیلات سامنے رکھے ، استور میں اپنے انتخابی جلسے سے کیے گئے خطاب میں چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان اسلام آباد میں کس سے مل رہے ہیں؟ گلگت بلتستان کے جوان ، بزرگ ، خواتین میرے ساتھ ہیں ، آپ نے جوکرنا ہے کرلیں ، وزیراعظم کو روکنے کے بجائے چیف الیکشن کمشنران کا دفاع کررہے ہیں ، الیکشن کمشنرکو گلگت بلتستان میں ڈیوٹی دینی چاہیئے تھی ، لیکن چیف الیکشن کمشنر اسلام آباد میں ہمارے خلاف پریس کانفرنس کررہے ہیں، جس میں وہ کہتے ہیں مہم کیوں چلارہے ہیں ، یہ تو ہمارا جمہوری حق ہے ، شاید آپ ہمارا استقبال دیکھ کرگھبرا گئے ہو۔

FOLLOW US