Monday May 20, 2024

پیپلزپارٹی نے پوزیشن واضح کردی ، پی ڈی ایم کو نقصان ہوگا بلاول بھٹو کے بیان پر حکومت کا ردعمل سامنے آگیا

اسلام اباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے اپنی پوزیشن واضح کردی، اس سے پی ڈی ایم کو نقصان ہوگا، نوازشریف نے اس پلیٹ فارم کو ذاتی مفاد کی بھینٹ چڑھایا۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے ایک انٹرویو پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو پہنچنے والے نقصان کے بعد ہوسکتا ہے یہ پشاور کا جلسہ ملتوی کردیں ، کیوں کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے تصادم اور انتشار کا راستہ اختیار کیا ، کئی جماعتیں نہیں چاہیں گی کہ سیاسی ذاتی مفاد کے گرد گھومے، جب کہ ن لیگ کی اکثریت بھی اس بیانیہ کو پسند نہیں کرتی، اس کے علاوہ جلد دیگر جماعتیں بھی اس بیانیے سے خود کو الگ کریں گی۔

واضح رہے کہ یئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ نوازشریف کی تقریر میں براہ راست فوجی قیادت کے نام سنے تودھچکا لگا ، انتظار ہے سابق وزیراعظم کب ثبوت پیش کریں گے ، یقین ہے کہ انہوں نے واضح اور ٹھوس ثبوت کے بغیر نام نہیں لیے ہوں گے ، لیکن عمران خان کی حکومت کو لانے کی ذمہ داری کسی ایک شخص پر نہیں ڈالی جا سکتی۔ بی بی سی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا ہماری آل پارٹیز کانفرنس میں طے پانے والی قرارداد میں واضح ہے، پی ڈی ایم ایجنڈے کی تیاری کےوقت ن لیگ نےفوجی قیادت کانام نہیں لیا تھا ، گوجرانوالہ جلسے میں فوجی قیادت کا نام لینا نوازشریف کا ذاتی فیصلہ تھا ، نواز شریف کی اپنی جماعت ہے اور میں یہ کنٹرول نہیں کر سکتا کہ وہ کیسے بات کرتے ہیں، عام طور پر ہم جلسوں میں اس طرح کی بات نہیں کرتے ، اس لیے میں یہ واضح کر دوں کہ یہ ہماری اے پی سی کی طرف سے جاری کی گئی مشترکہ قرارداد میں مطالبہ نہیں تھا اور نہ ہی یہ ہماری پوزیشن ہے ، مگر نوازشریف کا یہ حق ہے کہ وہ اس قسم کا موقف لینا چاہیں تو ضرور لے سکتے ہیں۔

FOLLOW US