Saturday May 18, 2024

ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں شرکاء کی طرف سے اتفاق کیا گیا کہ کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر اس وقت تعلیمی ادارے بند کرنے کی ضرورت نہیں ہے اس لیے ملک بھر کے تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے ، اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات نہیں ہوں گی جب کہ اجلاس میں آٹھویں، نویں اور دسویں کے بورڈ امتحانات پر بھی کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔

بتایا گیا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر میں صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اگلا اجلاس دسمبر میں ہوگا۔ اس ضمن میں صوبہ پنجاب کے وزیرتعلیم مراد راس نے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیوں کی مخالفت کردی ، انہوں نے کہا ہے کہ پہلے ہی بہت زیادہ چھٹیاں ہوچکی ہیں، اس سلسلے میں دسمبرتک کوروناوائرس کی صورتحال دیکھنے کے بعد پھر کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیر تعلیم پنجاب کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی وباء کورونا سے متعلق اس وقت صوبہ پنجاب میں ہنگامی صورتحال نہیں ہے ، پورے صوبے میں 2 سو سے زائد اساتذہ اور طلباء میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ، لہٰذا یہ صورتحال خطرناک نہیں ہے ، اسی وجہ سے ہم موسم سرما میں کی جانے والی چھٹیوں کے حق میں بھی نہیں ہیں ، کیوں کہ پہلے ہی بہت زیادہ چھٹیاں ہوچکی ہیں ، لیکن اس کے باوجود دسمبر کے مہینے تک کوروناوائرس کی صورتحال کو دیکھنے کے بعد پھر کوئی فیصلہ کیا جائے گا ، انہوں نے کہا ہے کہ اسکولوں کو بند کیے جانے کے حوالے سے حتمی فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا ، انہوں نے کہا کہ اسکول بند نہیں کیے جارہے ، بلکہ صوبے بھر کے اسکول کھلے ہیں اور ان میں معمول کے مطابق تعلیمی عمل بھی جاری ہے ، جب کہ پنجاب میں اسکولوں کی بندش کے حوالے سے کوئی بھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

FOLLOW US