Wednesday May 8, 2024

مولانا سے تقریر پہلے کروالیں۔۔۔خالی کُرسیوں سے تقریر کروا کراِن کا مذاق نہ اُڑایا جائے،شبلی فراز کا اپوزیشن کو مشورہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا ہے کہ خالی کرسیوں سے مولانا فضل الرحمان سے تقریر کرانا ان کا مذاق اڑانا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے پہلے تقریر کروا لینی چاہیے تھی، آخر میں خالی کرسیوں سے ان کا خطاب کرنا، ان کی توہین تھی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم صرف شو کررہی ہے، اس میں پاور نہیں ہے۔ اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ”پی ڈی ایم صرف شو کر رہی ہے جس میں پاور نہیں۔انکی نہ کوئی سمت ہے نہ کوئی پلان اور نہ ہی انکے نظریات اور موقف ایک ہیں۔

ان کے پاس صرف ذاتی دکھ ہیں، عوام کیلئے کچھ نہیں۔اس مرتبہ مولانا سے پہلے تقریر کرا لیں،خالی کرسیوں سے تقریر کرانا ان کا مذاق اڑانا ہے۔ “وفاقی وزیر نے پی ڈی ایم کے جلسے کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا جلسہ بس شو ہی تھا، اس میں پاور نہیں تھی، مولانا فضل الرحمان سے آخر میں تقریر نہیں کروانی چاہیے تھی۔ مولانا نے گوجرنوالہ جلسے میں خالی کرسیوں سے خطاب کیا ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کا گوجرانوالہ جلسہ فلاپ شو تھا، یہ لوگ ذاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اسلئے عوام ذاتی مفادات کے تحفظ کیلئے بنائے گئے ایک ٹولے کو سپورٹ نہیں کریں گے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی سمجھتی تھیں کہ اقتدار ان کا پیدائشی حق ہے اور یہ ہمیشہ باریاں لیتی رہیں گی لیکن وزیراعظم عمران خان نے آ کر ان کو اقتدار سے باہر کر دیا ہے اسلئے اب تلملا رہی ہیں، نواز شریف گزشتہ 40 سال سے اسی نظام کا حصہ رہے ہیں، اب کہاں سے انقلابی آ گئے، نواز شریف میں اگر جرات ہے تو وطن واپس آئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب آپ ذاتی ایجنڈا لیکر چلیں گے تو قوم پیچھے نہیں آئے گی، وزیراعظم عمران خان قومی ایجنڈے پر چل رہے ہیں اسلئے پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔شبلی فراز نے کہا کہ گوجرانوالہ ن لیگ کا گڑھ سمجھا جاتا ہے لیکن 11 جماعتیں مل کر بھی اسٹیڈیم نہ بھر سکیں، جب وضاحت دینی پڑے تو اس کا مطلب ہے کہ کام ٹھیک نہیں ہے، اپوزیشن کا جلسہ دیکھ کر مجھے یقین ہو گیا ہے کہ یہ لوگ سلیکٹڈ ہیں۔

FOLLOW US