Monday May 6, 2024

طلال چوہدری پولیس کے پہنچنے سے قبل ہسپتال سے غائب لیگی رہنما ہسپتال انتظامیہ کو بھی چکمہ دے گئے،بل ادا کئے بغیر روانہ

لاہور (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کے جھگڑے کے معاملے میں فیصل آباد پولیس کی تحقیقاتی ٹیم طلال چوہدری کا بیان ریکارڈ کروانے پہنچی تو وہ ہسپتال کے پچھلے دروازے سے روانہ ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کے آنے کی اطلاع ملنے پر طلال چوہدری ہسپتال کا بل ادا کیے بغیر ہی وہاں سے چلے گئے ، سابق رکن قومی اسمبلی کی ان کے قریبی ساتھی نے ہسپتال سے نکلنے میں مدد کی ۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ طلال چوہدری ن لیگ کی سیاست پر دھبہ ہیں ، طلال چوہدری طوطے کی طرح کام کرتے تھے ،

جو طوطا پالا تھا اب وہ لیگی خواتین کی عزت کے در پے ہے ، کل بڑھکیں مار رہے تھے اور آج فرار ہوگئے ۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری پر تشدد اور ن لیگی خاتون رکن قومی اسمبلی کے معاملے کی تحقیقات کیلئے پولیس کی 4 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ، ڈی اسی پی پیپلزکالونی عبدالخالق کمیٹی کے سربراہ ہیں ، پولیس کی طرف سے تشکیل دی گئی کمیٹی واقعے کی تحقیقات کی روشنی میں قانونی کارروائی تجویز کرے گی ، پولیس ٹیم مسلم لیگ ن کی خاتون رکن اسمبلی عائشہ رجب علی کا بیان قلمبند کرنے فیصل آباد ان کی رہائش گاہ پہنچی تو وہ وہاں موجود نہیں تھیں جبکہ تحقیقاتی ٹیم جب طلال چوہدری کا بیان ریکارڈ کروانے پہنچی تو وہ ہسپتال کے پچھلے دروازے سے روانہ ہوگئے ۔ یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری جھگڑے میں زخمی ہو گئے تھے ، جس کے بعد انہیں لاہور کے نجی اسپتال میں داخل کروایا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری اور ن لیگ کی رکن قومی اسمبلی عائشہ رجب علی کے مابین جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد ان کے بھائیوں نے طلال چوہدری پر حملہ کیا ، جھگڑے کے نتیجے میں طلال چوہدری کا بازو دو جگہ سے فریکچر ہوا جب کہ ان کے بائیں بازو کی سرجری لاہور کے نجی اسپتال میں کی گئی ۔

FOLLOW US