Friday May 17, 2024

10 دفعہ وضاحت دے چکی ہوں کہ نوازشریف کی پرانی میڈیکل رپورٹس جعلی نہیںنواز شریف نے سیاست کرنی ہے تو ملک واپس آئیں۔۔

لاہور (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نوازشریف کی پرانی میڈیکل رپورٹس جعلی نہیں ، میڈیکل بورڈ کو بیوقوف نہیں بنایا گیا ، اچھی بات ہے نوازشریف بغیرعلاج ٹھیک ہورہے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق وزیرصحت پنجاب نے کہا ہے کہ نواز شریف نے سیاست کرنی ہے تو ملک واپس آئیں ، میڈیکل رپورٹس پر 10 دفعہ وضاحت دے چکی ہوں کہ نوازشریف کی پرانی میڈیکل رپورٹس جعلی نہیں تھیں ، اور میڈیکل بورڈ کو بیوقوف نہیں بنایا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ اچھی بات ہے کہ نواز شریف بغیر علاج کے ٹھیک ہورہے ہیں ۔ دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس کے معاملے پر وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد اور وفاقی وزیر فواد چوہدری آمنے سامنے آگئے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد نے کہا کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کی100بار انکوائری کرالیں ، فواد چوہدری ڈاکٹر نہیں، ان کیلئے رپورٹ کو سمجھنا مشکل ہوگا۔ فواد چوہدری نے ڈاکٹر یاسمین راشد کے بیان پر جواب میں کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد گائناکالوجسٹ ہیں، میرا نہیں خیال نواز شریف کو کوئی ایسا پرابلم تھا جس کا حل گائنا کالوجسٹ کے پاس ہو لہٰذا یاسمین راشد سے بھی تحقیقات ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے کے فیصلے کو قبول کرنا چاہیے کیونکہ یہ کابینہ کا فیصلہ تھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سب سے پہلے شیخ رشید نے ہاتھ کھڑے کرکے نواز شریف کو بیرون ملک جانے دینے کے حق میں رائے دی تھی ۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 19 نومبر 2019 سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں ، جہاں سے انہوں نے گزشتہ روز وڈیو لنک کے ذریعے اپوزیشن کی اے پی سی سے خطاب کیا ، جس میں وہ ہشاش بشاش نظر آئے ، جس کے بعد سے سابق وزیراعظم کی صحت کے بارے میں ایک بار پھر بحث شروع ہوگئی ہے ۔

FOLLOW US