Thursday May 16, 2024

پاکستانی شہری یورپی ممالک میں داخلے کے لیے اہل قرار ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قوم کو بڑی خوشخبری سنا دی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کامینارا سے ملاقات میں توقع ظاہر کی ہے کہ کرونا وبا کے بعد پاکستانی شہریوں کو بھی یورپی ممالک میں داخلے کے لیے اہل قرار دیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق آج پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کامینارا نے وزارتِ خارجہ
آ کر شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات، کرونا صورت حال سمیت باہمی دل چسپی کےامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود نے کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے یورپی یونین کی پاکستان کی بروقت معاونت پر شکریہ ادا کیا،

اور ترقی پذیر ممالک کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی تجویز کی حمایت پر یورپی یونین کے کردار کو سراہا۔وزیر خارجہ نے کہا پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے، پاکستان نے معیشت کے پہیے کو بھی ازسر نو متحرک کیا، آج پاکستان کی اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کو دنیا میں سراہا جا رہا ہے۔وزیر خارجہ نے توقع ظاہر کی کہ یورپی یونین دیگر ممالک کے شہریوں کی طرح پاکستانی شہریوں کو بھی یورپی ممالک میں داخلے کے لیے اہل قرار دے گا، انھوں نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون اور باہمی روابط کا فروغ خوش آئند ہے۔وزیر خارجہ نے یورپی یونین کی سفیر کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی طرف دلاتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین انسانی حقوق کی داعی ہونے کے ناطے بھارت پر زور دے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے اور بھارتی جیلوں میں مقید بے گناہ کشمیریوں کو فی الفور رہا کرے۔ دوران ملاقات وزیر خارجہ نے افغان امن عمل میں پاکستان کی مصالحانہ کوششوں، بین الافغان مذاکرات اور اس سلسلے میں اب تک ہونے والی پیش رفت کا بھی تذکرہ کیا۔ فریقین نے مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

FOLLOW US