Thursday May 9, 2024

’یہ آئی جی ایسے بدلتے ہیں جیسے میں اپنے بچے کا پیمپر بدلتی ہوں‘ شرمیلا فاروقی کا پنجاب میں آئی جی کے تبادلے پر دلچسپ ردعمل

کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما شرمیلا فاروقی نے پنجاب میں آئی جی کی تبدیلی پر دلچسپ ردِعمل دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں حکومت کے دو سال کے عرصے میں پانچ آئی جیز تبدیل ہوئے جو ایک ریکارڈ ہے ، دو سالوں میں تبدیل ہونے والے آئی جیز میں کلیم امام، محمدطاہر،امجد جاوید سلیمی، کیپٹن (ر) عارف نواز خان اورشعیب دستگیر شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اگر آئی جیز کی پنجاب میں عرصہ تعیناتی دیکھی جائے توامجد جاوید سلیمی چھ ماہ، کلیم امام تین ماہ ،کیپٹن (ر )عارف نواز خان سات ماہ ،محمد طاہرایک ماہ جبکہ شعیب دستگیر نو ماہ اور کچھ روز آئی جی پنجاب تعینات رہے۔اسی حوالے سے اب شرمیلا فاروقی کا بھی دلچسپ ردِعمل سامنے آیا ہے۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پانچ سال میں اپنی گاڑی نہیں بدلی مگر پنجاب نے 2 سال میں 6 آئی جیز تبدیل کر دیئے۔ شرمیلا فاروقی نے مزید کہا کہ یہ آئی جی ایسے بدلتے ہیں جیسے میں اپنے بچے کا پیمپر بدلتی ہوں۔ ۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس پنجاب کا تبادلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے . عدالت عالیہ میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک محمد احمد خان کی جانب سے درخواست دائر کی گئی مذکورہ درخواست میں وفاقی اور صوبائی حکومت، موجودہ آئی جی انعام غنی، سابق آئی جی شعیب دستگیر، ایڈیشنل آئی جی پی آپریشنز ذوالفقار حمید اور کیپیٹل سٹی پولیس افسر (سی سی پی او) لاہور محمد عمر شیخ کو فریق بنایا گیا ہے. نون لیگی رہنما کی دائر کردہ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ آئی جی پنجاب کا تبادلہ پولیس رولز کی خلاف ورزی ہے ساتھ ہی یہ استدعا کی گئی کہ عدالت آئی جی پنجاب کے تبادلے کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے جبکہ سی سی پی او لاہور کے نوٹیفکیشن کو بھی کالعدم قرار دیا جائے.

FOLLOW US