Saturday May 10, 2025

لاہور کے بعد پاکستان کے ایک اور شہر میں میٹرو ٹرین جیسا منصوبہ شروع ہونےجا رہا ہے ؟ جانیں

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک ) لاہور کے بعد پنجاب کے ایک اور شہر میں میٹرو ٹرین جیسا منصوبہ شروع کرنے کی تیاریاں، پنجاب حکومت کی جانب سے جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں 19 کلومیٹر طویل سرکلر ریلوے منصوبہ تعمیر کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ کا ایک اور شاندار منصوبہ شروع کرنے کیلئے تیاریاں کر لی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت راولپنڈی شہر میں نالہ لئی کیساتھ ساتھ ایکسپریس وے منصوبہ تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس ایکسپریس وے کے ساتھ ساتھ ہی سرکلر ریلوے منصوبہ بھی تعمیر کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے چین کے کچھ ماہرین کی پاکستان آمد بھی ہوئی ہے، جنہیں منصوبے سے متعلق بریفنگ دی گئی ہے۔ منصوبہ چین کے تعاون سے تعمیر کیا جائے گا۔ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ میں چینی ماہرین کو بتایا گیا ہے کہ سرکلر ریلوے منصوبہ میٹرو ٹرین جیسا ہوگا اور اس کی کل لمبائی 19 کلومیٹر ہوگی۔ اس وقت منصوبے کی فیزیبیلٹی رپورٹ تیار کی جا رہی ہے۔ اس مرحلے کی تکمیل کے بعد زمین کی خریداری کا عمل شروع ہوگا اور پھر تیسرے مرحلے میں تعمیر کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ واضح رہے کہ اس وقت پنجاب میں صوبائی دارالحکومت لاہور میں اورنج لائن میٹر ٹرین منصوبہ زیر تعمیر ہے، جس کا افتتاح اکتوبر میں متوقع ہے۔ جبکہ لاہور میں میٹرو بس سروس منصوبہ پہلے سے ہی آپریشنل ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد جہاں سرکلر ریلوے منصوبہ شروع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، ان دونوں شہروں میں بھی میٹرو بس سروس گزشتہ 5 برس سے فعال ہے۔