Friday November 1, 2024

حکومت کا تیسرا سال تاریخ ساز ہو گا،بجلی سستی، لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے ،مہنگائی اور غربت میں کمی ہو گی

اسلام آباد ۔ (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کا تیسرا سال تاریخ ساز ہو گا، ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، بجلی سستی، مہنگائی اور غربت میں کمی ہو گی اور لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے، وزیراعظم عمران خان حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ہے اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، مریم نواز کی وجہ سے نواز شریف کی سیاست ختم ہو گئی اور اب نیب دفتر پر پتھرائو سے وہ خود بھی عوام کے سامنے بے نقاب ہو گئی ہیں۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز نیب پیشی پر بیان ریکارڈ کرانے نہیں بلکہ پوری تیاری کے ساتھ پتھرائو کرنے گئی تھیں، نیب ان سے بدعنوانی سے متعلق سوالات پوچھ رہا ہے اور وہ جواب دینے کی بجائے کہتی ہیں کہ مجھے کیوں بلایا، انہیں چاہیے کہ وہ اپنا بیان ریکارڈ کرائیں کہ یہ جائیداد میری نہیں ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مریم نواز کی ساری جدوجہد باہر جانے کیلئے ہے جب انہوں نے دیکھا کہ وزیراعظم عمران خان انہیں کسی قیمت پر باہر جانے کی اجازت نہیں دے رہے پھر انہوں نے بات کی، میڈیا نے بھی پتھروں کے تھیلے دکھا کر انہیں زیرو کر دیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ حکومت ہٹائو سب کو فائدہ ہو گا جبکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی چاہتی ہیں کہ نیب کو ختم کر دیا جائے، دونوں جماعتوں کو معلوم ہے کہ نیب ختم ہو گیا تو ان کے سارے کیسز ختم ہو جائیں گے اسلئے دونوں جماعتیں بڑا قدم اٹھانے کیلئے تیار نہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آئی پی پیز کے حوالے سے بڑا قدم اٹھایا ہے جس سے بجلی سستی ہو گی، حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے ہیں جن میں ایم ایل ون، ڈیموں کی تعمیر وغیرہ شامل ہے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، ملکی معیشت پروان چڑھے گی اور حکومت کا تیسرا سال تاریخی سال ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتوں اور حکومت کے درمیان اختلافات ہوتے رہے ہیں، ق لیگ سمیت کوئی بھی اتحادی جماعت حکومت کو چھوڑ کر نہیں جا رہی اور ان کے تحفظات دور کر لئے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار صوبے کی ترقی اور بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی پوری حمایت انہیں حاصل ہے اسلئے بزدار کہیں نہیں جا رہے اور وہ اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور شہباز کبھی ایک نہیں ہو سکتے، دونوں جماعتوں نے آئندہ انتخابات لڑنے ہیں اسلئے دونوں لیڈرز اپنی سیاسی ساکھ کو خطرے میں نہیں ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف وزیراعظم عمران خان کے کامیاب اقدامات مثال بنے اور پوری دنیا ان کی اسمارٹ لاک ڈائون حکمت عملی کو سراہا رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں نیب قانون میں اپنی مرضی کی ترامیم چاہتی ہیں، اپوزیشن چاہتی ہے کہ انہیں این آر او دے دیا جائے اور وزیراعظم عمران خان کسی قیمت پر بدعنوان عناصر کو این آر او دینے کیلئے تیار نہیں ہیں۔

FOLLOW US