Thursday May 15, 2025

مطیع اللہ جان نے اپنے اغوا کا ڈرامہ خود رچایا

لاہور(نیوز ڈیسک) معروف صحافی مطیع اللہ جان کے لاپتا ہونے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے دفاعی تجزیہ نگار جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کا کہنا ہے کہ مطیع اللہ جان کو کسی نے نہیں اٹھایا اس نے خود ہی یہ ڈرامہ رچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ مطیع اللہ جان کے ایشو پر وہ بھی کود پڑے جو اس کے حامی نہیں تھے۔کیونکہ مطیع اللہ جان نے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کی، اس لیے اس کے ساتھ آ کر کھڑے ہو گئے۔ میرے بھی ججز سے اختلاف ہیں لیکن ان کا ایک مقام ہے۔آپ انہیں ان کے مقام سے نیچے نہیں گرا سکتے۔اگر آپ کو انکو گرائیں گے تو پاکستان میں ان کی قدر نہیں رہے گی اور نہ ہی انصاف۔کیونکہ ہم نے انصاف انہی اداروں سے لینا ہے لہٰذا ان اداروں کا تقدس قائم رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔

امجد شعیب نے مزید کہا کہ اگر آپ مطیع اللہ جان کی ٹویٹس پڑھیں تو اس کی یہ ٹویٹ اس قدر نازیبا اور خراب ہے کہ آپ بھی کہیں گے کہ یہ کسی رعایت کا مستحق نہیں۔ میری پہلے دن سے یہی سوچ ہے کہ مطیع اللہ جان کو کسی نے نہیں اٹھایا بلکہ اس نے خود ہی ڈرامہ کیا ہے۔کیا کوئی ادارہ اس طرح اٹھائے گا کہ اگلے دن وہ سپریم کورٹ میں پیش ہو رہا ہو۔اس کا فائدہ مطیع اللہ جان کو ہوا ہے۔اس کے خلاف توہین عدالت کیس پیچھے رہ جاتا ہے۔اس بارے میں حامد میر جیسے لوگوں کو بھی سوچنا چاہیے۔میں نہیں سمجھتا کہ جب ایک دن بعد مطیع اللہ جان کی پیشی ہو تو کوئی ادارہ اس قسم کا کام کرے گا۔ یہ سوال ہی نہیں پیدا ہوتا کہ مطیع اللہ جان کو اغوا کیا گیا ہوں بلکہ یہ اس کا اپنا رچایا ہوا ڈرامہ ہے اور اس ڈرامے میں لازمی کوئی انہیں بچانے کے لیے شامل ہوا ہے۔۔خیال رہے کہ معروف صحافی مطیع اللہ جان کو اغوا کر لیا گیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر شور مچنے کے بعد وہ رات کو بازیاب ہو کر اپنے گھر آگئے تھے۔ ان کی واپسی کے بعد پوری صحافی برادری کی جانب سے جشن منایا گیا ۔ تاہم ان کے اغواء کاروں کے بارے ابھی تک تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں لیکن اس حوالے سے بات کرتے ہوئے تجزیہ نگار حامد میر نے دعویٰ کیا تھا کہ مطیع اللہ جان کے اغوا کے پیچھے نان سویلین ادارے کا ہاتھ ہے۔