Tuesday May 7, 2024

کورونا وباء کا عروج گزر گیا ملک میں کورونا سے اموات میں 80 فیصد کمی ریکارڈ

اسلام آباد ۔ (ویب ڈیسک) ملک میں کورونا سے اموات میں 80 فیصد کمی آگئی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا سے اموات میں 80 فیصد کمی آگئی جبکہ مثبت کیسز 23 فیصد سے کم ہوکر 6 فیصد پر آگئے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ہ ملک میں وبا کے پھیلاؤ میں بہت کمی آئی ہے جس پر اللہ کا بہت شکر ادا کرنا چاہیے، بعض لوگ بیماری میں کمی سے متعلق شکوک و شبہات کا شکار ہیں، لیکن اس کمی کا بین الاقوامی طور پر اعتراف کیا گیا ہے اور کسی کو شک و شبہ کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ اگر پہلے کورونا کے 100 میں سے 23 ٹیسٹ مثبت آتے تھے تو اب وہ 6 یا 7 پر آگئے ہیں جبکہ اموات میں 80 فیصد کمی ہوگئی ہے، پاکستان میں کورونا کی بیماری سے متعلق تمام ملکی و عالمی اندازے دھرے کے دھرے رہ گئے اور ہم نے ایک ماہ قبل ہی جون کے وسط میں وبا کا عروج دیکھ لیا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 35افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 1226 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس سے متعلق تازہ ترین اور مصدقہ اعداد و شمار جاری کردئیے ہیں۔ این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 5 ہزار 822 ہو گئی ہے اور 2 لاکھ 73 ہزار 113 افراد متاثر ہیں جبکہ ملک بھر میں کورونا کے دو لاکھ 37 ہزار 434 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 29 ہزار 875 ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 23 ہزار 254 ٹیسٹ کیے گئے۔ ملک بھر میں مجموعی طور پر کورونا کے 18 لاکھ 68 ہزار 180 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔این سی او سی کے مطابق ملک بھر کیاسپتالوں میں 238 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں جبکہ اسپتالوں میں کورونا وینٹی لیٹرز کی تعداد ایک ہزار859 ہے۔ ملک کے 733 ہسپتالوں میں 1894کورونا مریض زیر علاج ہیں۔

FOLLOW US