گلگت بلتستان ( مانیٹرنگ ڈیسک) گلگت بلتستان کی معروف سیاسی شخصیات سابق وزیر صحت حاجی گلبر خان اور سابق وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حیدر خان نے تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق مخالفین کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری ہے، گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ن لیگی رہنماؤں اور سابق وزراء حاجی گلبر خان اور حیدر خان نے چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد دونوں لیگی رہنماؤں نے عمران خان اور سیف اللہ خان نیازی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے
اپنے دوستوں اور عزیز و اقارب کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔اس موقع پر چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے دونوں شخصیات کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے پارٹی مفلر پہنایا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنے تجربات کی بناء پر پارٹی کو گلگت بلتستان میں مزید فعال اور مضبوط بنانے میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی۔ملاقات میں مرکزی جوائنٹ سیکرٹری و چیف آف اسٹاف ٹو چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف کرنل امان اللہ خان، سینئر نائب صدر گلگت بلتستان شاہ ناصر اور عاصم خان سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔