Sunday May 5, 2024

راولپنڈی میں بیٹے کا ماں پر تشدد کا شرمناک واقعہ۔۔ارسلان نامی نوجوان اپنی والدہ سے گالم گلوچ بھی کرتا رہا،ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

راولپنڈی (ویب ڈیسک) پنجاب کے شہر راولپنڈی میں بیٹے نے ماں پر شدید تشدد کیا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔یہ واقعہ پنجاب کے شہر راولپنڈی تھانہ صادق آباد کی حدود میں پیش آیا جہاں بیٹے نے ماں پر بدترین تشدد کیا۔راولپنڈی پولیس کے مطابق تھانہ صادق آباد میں ملزم ارسلان اور اس کی بیوی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ والدہ پر تشدد کرنے کے بعد ملزم ارسلان بیوی کو لے کر فرار ہو گیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کا بھی میڈیکل کروا لیا گیا ہے جبکہ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔متاثرہ خاتون کے پولیس کو دیئے گئے بیان کے مطابق بیٹا اور بہو آئے روز جھگڑا کرتے ہیں۔خاتون نے مزید بتایا کہ بیٹے اور بہو نے مجھے شدید تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

ممکنہ طور پر یہ ویڈیو خاتون کی بیٹی کی جانب سے بنائی گئی ہے۔یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل چکی ہے۔صارفین نے ارسلان نامی نوجوان پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ نوجوان اور اس کی بیوی کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ویڈیو میں نوجوان کو اپنی ماں پر تشدد کے ساتھ ساتھ گالم گلوچ بھی کرتے دیکھا گیا۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد قانون بھی حرکت میں آ گیا ہے اور ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔ارسلان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔علاوہ ازیں تھانہ صادق آباد کے علاقے میں خاتون گلناز بی بی پر بیٹے اور بہو کے تشدد کے معاملے کا سی پی او محمد احسن یونس نے نوٹس لے لیا ہے۔انہوں نےفوری طور پر مقدمہ درج کرنے اور ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے ۔

جس کے بعد والدہ پر تشدد کرنے والے بیٹے ارسلان اور اسکی بیوی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ایس پی راول کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کا میڈیکل کروا لیا گیا ہے، قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رشتوں کا تقدس پامال کرنے اور خاتون پر بیہمانہ تشدد کرنے والے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

Source: اردو پوائنٹ

FOLLOW US