Wednesday May 8, 2024

ن لیگ میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بننے جا رہا۔۔

لاہور(ویب ڈیسک) ن لیگ میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بننے جا رہا، یہ تمام باتیں بے بنیاد ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے تجزیہ نگار عمران یعقوب خان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ن لیگ میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بننے جا رہا۔ بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لیگی قیادت نے اپنے ارکان سے ہونے والی میٹنگ میں انہیں آگاہ کر دیا ہے کہ حکومت کی حالت کمزور ہوتی جا رہی ہے، الیکشن نزدیک ہیں۔

تجزیہ نگار کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ اس ملاقات کے بعد ن لیگ کی قیادت نے اپنے ارکان کو مشن دے دیا ہے کہ وہ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے کے بعد معاملات کو طے کرنے کی کوشش کریں۔ خیال رہے کہ پنجاب میں ایک بار پھر مسلم لیگ (ن)میں فارورڈ بلاک کی بازگشت سنائی دینے لگی ہے،لیگی رکن اسمبلی نشاط احمد ڈاہا کی جانب سے 25 ارکان کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا تاہم انتہائی کم تعداد میں ارکان نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقاتیں کرنے والے مسلم لیگ (ن) کے ہم خیال اراکین اسمبلی کالاہور کے ایک فارم ہائوس پر دئیے گئے عشائیے پر اکٹھ ہوا ہے اورنشاط ڈاہا کے عشائیے میں شرکت کرنے والے ارکان کی تصاویر بھی سامنے آگئیں۔ نشاط احمد ڈاہا کی جانب سے دئیے گئے عشائیہ میں ان کی توقع سے کم ارکان نے شرکت کی ۔ اس موقع پر نشاط ڈاہا لیگی ارکان اسمبلی کو مسلسل فون بھی کرتے رہے۔

ذرائع کے مطابق 35ارکان کاگروپ مکمل ہونے تک فارورڈ بلاک کا باضابطہ اعلان نہیں کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق لیگی ارکان اسمبلی کو فارورڈ بلاک میں شامل کرنے کیلئے تحریک انصاف کے اہم رہنمائوں کوبھی ٹاسک سونپ دیاگیا ہے ۔ عشائیے میں شریک مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی نے کہا ہے کہ اپنے حلقوں کے عوام کے لئے وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کرنا کوئی گناہ نہیں ،مسلم لیگ (ن) کے ساتھ رہیں گے مگر حکومت سے رابطے ختم نہیں کریں گے،اپنے حلقوں میں ترقیاتی کاموں کیلئے وزیراعلی پنجاب سے ملاقاتیں جاری رکھیں گے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقاتیں کرنے والے اراکین اسمبلی ایک عشائیے پر اکٹھے ہوئے جبکہ کچھ دیگر اراکین کی بھی اس عشائیے میں شمولیت کا دعویٰ کیا گیا ہے تاہم اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ۔

FOLLOW US