اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کنسٹرکشن کے شعبے میں جھنڈے گاڑ رہا ہے ،معیشت میں بہتری کے آثار نمایا ں ہو رہے ہیں ،پاکستان سنبھلنے لگا ہے ،پروگرام ‘‘ دنیا کامران خان کے ساتھ ’’ کے میزبان کامران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی سٹاک مارکیٹ 12 دن سے تیزی سے بڑھ رہی ہے ، پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ تمام شعبوں میں حکومت کی مدد کررہے ہیں ،چیف جسٹس آف پاکستان نے کرپشن کے مقدمات جلد نمٹانے کا حکم دیا ہے ،یہ معیشت اور جمہوریت کیلئے بہترین اشارہ ہے ۔پاکستان میں بینکاری نئے دور میں داخل ہوگئی،سکوک بانڈز کے ذریعے سرمایہ کاری کی لت کم ہوگی ،
سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ کالے دھن کے کاروبار سے چھٹکارا ملے گا۔چیئرمین اے کے ڈی گروپ عقیل کریم ڈھیڈی نے پروگرام دنیا کامران خان کیساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہاؤسنگ کے حوالے سے وزیراعظم نے تاریخ رقم کردی،پاکستان تبدیل ہونے جارہا ہے ،ہاؤسنگ سیکٹر کیلئے بروقت پیکج کا اعلان کیاگیا ، ہاؤسنگ سیکٹرسے روزگارکے مواقع پیدا ہوں گے ۔سٹیٹ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ثمر حسنین نے کہا کہ تعمیراتی شعبہ پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔پاکستان میں مارگیج ٹوجی ڈی پی آدھے فیصدسے کم ہے ،دنیابھرمیں مارگیج کاتناسب 10سے 70فیصدہے ،دوسرے ممالک میں پاکستان سے 100 گناتک مارگیج ہے ۔آئندہ ہفتے نیاپاکستان پراجیکٹ کی فنانسنگ شروع ہوجائے گی،آئندہ ہفتے پرائیویٹ پراجیکٹ کیلئے قرضے شروع ہوں گے ،ہاؤسنگ فنانس میں 6بڑے کمرشل بینک قرضے جاری کریں گے ۔معروف بلڈر محسن شیخانی نے کہا کہ سرمایہ کاری کا اس سے اچھا موقع کبھی نہیں ملے گا،جو بھی کرنا ہے 31 دسمبر سے پہلے کرنا ہے ،اپنے سرمائے کو دستاویزی بنانا ہے ،کالے دھن سے جان چھوٹے گی اور شفاف ہوجائے گا۔