Thursday May 15, 2025

پاکستان میں سویڈش خاتون سفیر نے رکشہ لائسنس حاصل کر لیا

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان میں سویڈش خاتون سفیر نے رکشہ لائسنس حاصل کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خاتون سفیر کو لاہور کی سڑکوں پر کھڑی رکاوٹیں باخوبی عبور کرنے پر لائسنس دے دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ انگریڈ جوہانس سن نے فیمینسٹ خارجہ پالیسی کے فروغ کے لیے یہ لائسنس حاصل کیا ہے۔ اس حوالے سے سویڈن کی وزارت خارجہ کی جانب سے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر کی گئی ایک پوسٹ کے مطابق انگریڈ جوہانس سن جو کہ پاکستان میں موجود سویڈش ایمبیسی میں سفیر ہیں، تا ہم اب ان کی جانب سے پاکستانی رکشہ کا لائسنس لیا گیا ہے جو کہ ہمارے ہاں خواتین کے لئے ایک عام بات نہیں ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ انگریڈ جوہانس سن نے جب لاہور میں اپنا ڈرائیونگ ٹیسٹ دیا تھا تو پولیس افسران کی جانب سے حیران کن طور پر پوچھا گیا کہ کیا آپ ڈرائیونگ کرنا جانتی ہیں؟ تا ہم ان کی ڈرائیونگ کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے انہیں لائسنس جاری کر دیا گیا۔ خیال رہے کہ پاکستان میں موجود سویڈن کا سفارت خانہ خواتین میں گاڑی اور موٹر بائیک کی ڈرائیونگ سیکھنے کے رجحان کو فروغ دینے والی فاؤنڈیشن وومین آن ویلز کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ اس کا مقصد خواتین کو اپنی گاڑی خریدنے کے قابل بنانا ہے۔ وومین آن ویلز کی جانب سے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ انگریڈ جوہانس سن بھی ان سرگرمیوں میں اپنی بائیک پر شامل ہوتی ہیں۔ تاہم اب پاکستان میں بھی خواتین کی ڈرائیونگ میں رجحان پیدا ہورہا ہے۔ اب خواتین گاڑیوں کے علاوہ موٹرسائیکل چلانے پر بھی غور کر رہی ہیں جبکہ خواتین کی ایک بڑی تعداد موٹرسائیل چلا بھی رہی ہے، اس طرح کی سرگرمیوں سے ایک مثبت پیغام جاتا ہے، لیکن اب پاکستان میں ایک اور قابل فخر عمل سامنے آیا ہے جس میں پاکستان میں سویڈش خاتون سفیر نے رکشہ لائسنس حاصل کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ خاتون سفیر کو لاہور کی سڑکوں پر کھڑی رکاوٹیں باخوبی عبور کرنے پر لائسنس دے دیا گیا ہے۔