Sunday May 19, 2024

سپریم کورٹ نے حکومت کو شوگر ملز کے خلاف کارروائی کی اجازت دے دی۔۔

اسلام آباد(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے حکومت کو شوگر ملز کے خلاف کارروائی کی اجازت دے دی ہے۔ کیس کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے سندھ ہائی کورٹ کا حکم امتناع خارج کرتے ہوئے کہا حکومت اور ادارے قانون کے مطابق کارروائی کریں۔ اس کے علاوہ عدالت نے سندھ اور اسلام آباد ہائیکورٹس کے معاملے پر فیصلے کے لئے 3 ہفتے کا وقت دے دیا ہے اور کہا ہے کہ ہائیکورٹس 3 ہفتوں میں فیصلہ کریں۔

خیال رہے کہ شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ عملدرآمد کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی ہے جس کے دوران سپریم کورٹ نے حکومت کو شوگر ملز کے خلاف کارروائی کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے حکومت کو شوگر ملز مالکان کیخلاف غیر ضروری اقدامات نہ کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔ عدالت نے شوگر کمیشن رپورٹ پر حکومتی عہدیداران کو بیان بازی سے بھی روک دیا۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت تین ہفتوں کے لئے ملتوی کر دی۔ خیال رہے کہ اس حوالے سے گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی شوگر ملز مالکان کی جانب سے کارروائی روکنے کے حوالے سے درخواست پر سماعت ہوئی تھی جس میں عدالت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ادارے شوگر مافیا کے خلاف کارروائی کا آغاز کرسکتے ہیں خواہ حکومت انکوائری کمیشن کی رپورٹ کو واپس لے یا آئینی عدالتوں کے ذریعہ اس رپورٹ کو کالعدم کردیا جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پیر کو تفصیلی حکم جاری کرتے ہوئے شوگر انڈسٹری کی درخواستوں پر عمل نہ کرنے کی وجوہات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ضروری عدالتی دخل اندازی اور عوامی پالیسی کے فیصلے کرنے سے غلطیوں کو درست کرنے میں رکاوٹ ہے پیدا ہوتی ہے۔ تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے بعد اب سپریم کورٹ نے بھی حکومت کو شوگر ملز کے خلاف کارروائی کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ عدالت نے سندھ ہائی کورٹ کا حکم امتناع خارج کرتے ہوئے کہا حکومت اور ادارے قانون کے مطابق کارروائی کریں۔

FOLLOW US