Monday April 29, 2024

عزیر بلوچ پی ٹی آئی کا حصہ تھے،عمران خان کو ہرچیز کا علم تھا عزیر بلوچ کے قریبی ساتھی حبیب جان نے اہم انکشافات کردئیے

لاہور (ویب ڈیسک) لیاری میں عزیر بلوچ کے قریبی ساتھی حبیب جان بلوچ نے دعوی کیا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کا حصہ تھے عمران خان کو ہر چیز کا علم تھا۔انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ لندن میں نعیم الحق سے ملاقات بھی ہوئی جبکہ فیصل واوڈا ٹیلی فون پر بات کرتے رہے۔اس کے علاوہ موجودہ گورنر سندھ سے بھی رابطہ رہا مگر اب وہ یہ باتیں تسلیم نہیں کرتے۔ حبیب جان بلوچ کا کہنا تھا کہ کہ کمیشن میں جب بلایا گیا تو ساری تفصیلات دوں گا۔عزیر بلوچ تحریک انصاف کا حصہ تھا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے لوگ جلسے اور دھرنے کے عادی نہیں تھے۔عمران خان کے جلسے میں عزیر بلوچ کے لوگ لیاری اور ملیر سے جاتے تھے۔عمران خان کو ہر چیز کا علم تھا کہ جلسے میں کون لوگ آتے تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس بارے میں فیصل واوڈا اور گورنر سندھ عمران اسماعیل سے پوچھ لیا جائے۔ فیصل واوڈا لیاری کے لوگوں کو بریانی کے ڈبے بھی دیتے تھے۔عبدالشکور کی سپورٹ بھی عزیر بلوچ کی ٹیم کے ساتھ تھی۔اگر عبدالشکور انکار کریں گے تو میں ثبوت دوں گا۔خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر علی زیدی نے عزیر بلوچ کے ساتھی اور پیپلز پارٹی کے سابق رہنما حبیب جان کی ویڈیو جاری کی تھی۔س کے مطابق حبیب جان نے انکشاف کیا ہے کہ 2012 کے آپریشن کے بعد پیپلز پارٹی نے عزیر بلوچ سے دوبارہ رابطہ کیا تھا لیکن مظفر ٹپی آن ٹپکے جس سے جھگڑے کی بنیاد شروع ہوئی۔ حبیب جان بلوچ نے کہا کہ آصف علی زرداری کی خواہش تھی کہ ان کے منہ بولے بھائی اویس مظفر ٹپی لیاری سے انتخاب لڑیں اور وزارت داخلہ رحمان ملک کی صورت میں ان کے دروازے پرکھڑی رہا کرتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ گروپ پورے کراچی میں آئی جی سندھ تک کے تبادلے کرتا تھا اور بقول چودھری اسلم ،رحمان ملک تمام معاملات کا سرغنہ مجھے گردانتے تھے۔ حبیب جان نے ویڈیو میں کہا کہ عزیر بلوچ سے قائم علی شاہ، شرمیلا فاروقی اور فریال تالپور نے ملاقاتیں کیں۔

لیاری آپریشن کے بعد عزیر بلوچ دوبارہ پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے اور انہیں پیپلز پارٹی کی جانب سے 5 کروڑ روپے دیئے گئے تھے۔ وفاقی وزیر علی زید ی نے کہا کہ سیاست اور جرم ساتھ ساتھ چلے، حبیب جان نے آصف علی زرداری اور قادر پٹیل کو بے نقاب کیا جو کبھی ان کے ساتھ تھے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے متعلق دنیا کو سب کچھ پتہ چل گیا ہے اور قانون بھی حرکت میں آ چکا ہے اب سب اس جنگ میں میرا ساتھ دیں۔ سپریم کورٹ کو بھی اب معاملے کا ازخود نوٹس لینا چاہیے۔ علی زیدی نے کہا کہ مافیا، ڈان اور جرائم پیشہ افراد بڑے بڑے عہدوں پر بیٹھے ہیں۔

FOLLOW US