Saturday May 18, 2024

کورونا وائرس پھیلتے ہی ملک بھر میں آکسیجن سلینڈرز کی قیمتیں 3 گنا بڑھ گئیں ،4500والا سیلنڈر کتنے میں فروخت ہونے لگا؟مافیا راتوں رات امیر

کراچی(نیوز ڈیسک) کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے ساتھ ہی ملک بھر میں سلنڈرز کی قیمتیں 3 گنا مہنگی ہوگئی ہیں۔ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے ساتھ ہی نئے، پرانے آکسیجن سلینڈرز اور آکسیجن گیس کے فروخت کنندگان نے بھی مافیا بن کر لوٹ مار کا بازار گرم کردیاہے،سلنڈر مافیا کے اسٹاک ہولڈرز نے آکسیجن سیلنڈر کی قیمتیں 3 گنا مہنگا کرکے کورونا سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لیے جینا مشکل اور موت کو آسان بنادیاہے۔ نجی ٹی و ی کے مطابق سروے کے دوران سرجیکل مصنوعات کے ڈسٹری بیوٹرز نے بتایا کہ 2 ماہ قبل 60 سی ایف ٹی کا حامل فی سلینڈر کی قیمت 4500 روپے تھی جو اب بڑھ کر سے 20000 روپے تا 21000 روپے کی سطح تک پہنچ گئی ہے جب کہ 120 سی ایف ٹی کے حامل آکسیجن سلینڈرکی قیمت 8ہزارسے بڑھ کر28ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے، اسی طرح 240 سی ایف ٹی کا حامل سلینڈر کی قیمت 12 ہزار سے بڑھ کر35 ہزار ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث یومیہ اموات کا نیا ریکارڈ قائم۔ گزشتہ روز پاکستان میں مجموعی طور پر 150 سے زائد اموات ریکارڈ کی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ایک ہی دن میں اب تک کی ریکارڈ کی جانے والی یومیہ اموات کی سب سے زیادہ تعداد ریکارڈ کی گئی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 153 ریکارڈ کی گئی ہے۔اس وقت مجموعی طور پر پاکستان بھر میں کورونا کے باعث ہونے والی اموات کی کل تعداد 3 ہزار 382 ہو چکی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 604 نئے کیسزبھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ اگر اس سے ایک دن پہلے کے اعداد و شمار دیکھے جائیں تو پاکستان میں گزشتہ روز سے ایک دن قبل ریکارڈ کیے جانے والے نئے کیسز کی تعداد 5 ہزار سے کم کی سطح پر آ گئی تھی جبکہ ریکارڈ کی جانے والی اموات کی تعداد بھی 136 تھی۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا کے باعث اب تک 1 لاکھ 71 ہزار 666 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 63 ہزار 504 ہے جبکہ مجموعی طور پر 3 ہزار 382 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ دوسری جانب صوبہ پنجاب میں کورونا کے باعث ایک ہی دن میں ریکارڈ اموات۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق صوبہ بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 82 افراد جان کی بازی ہار گئے۔تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی تباہ کاریاں دنیا بھر میں جاری ہیں جس کے باعث تقریباََ دنیا کا ہر ملک کسی نہ کسی حوالے سے کورونا سے متاثر ہو رہا ہے۔پاکستان اور بھارت جیسے ممالک میں کورونا کی وباء باقی اقوام عالم کی نسبت ذرا تاخیر سے پہنچی لیکن اس کا پھیلاؤ برابر جاری ہے۔ بھارت اور پاکستان میں کورونا کے باعث اموات اور نئے کیسز میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جس پر ماہرین تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ پاکستان میں صوبہ پنجاب کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہوا ہے جہاں پر اموات کی تعداد 1347 ہو چکی ہیں۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز پنجاب بھر میں 82 افراد کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے جن میں سے 41 کا تعلق لاہور سے تھا۔

FOLLOW US