نکھیال سیکٹر : بوم بوم آفریدی نے آزاد کشمیر میں زمین ملنے پر گھر بنانے کی خواہش کا اظہار کردیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اپنی این جی او ’شاہد آفریدی فاونڈیشن‘ کی جانب سے راشن تقسیم کرنے کی مہم میں نکھیال سیکٹر آزاد کشمیر پہنچے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں لوگوں سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ بڑی بڑی مشکل جگہوں سے ہوتا ہوا یہاں پہنچا ہوں، آپ لوگوں سے مل کر بہت خوشی ہوئی ہے، اس بار تھوڑا سا راشن لایا ہوں لیکن آتا رہوں گا، کیا پتہ کہ آپ لوگوں نے تھوڑی سی زمین دے دی تو یہاں گھر بھی بنالوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کے لوگوں نے مجھے جو پیار دیا ہے اسے زندگی بھر نہیں بھلا سکتا۔کشمیر آنے کی خواہش دل میں موجود تھی جو آج پوری ہورہی ہے۔آج جو راشن دے رہا ہوں وہ کسی پر احسان نہیں کررہا بلکہ آپ لوگوں کا حق ہے جو آپ تک پہنچا رہا ہوں۔ اس موقع پر وہاں پر موجود لوگوں نے آفریدی بھائی زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔