کوئٹہ : محکمہ صحت بلوچستان نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے میں 78 فیصد متاثرہ مریضوں میں کورونا وائرس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئی۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اب تک کورونا کے مہلک مرض میں مبتلا ہونے والے مریضوں میں سے 78 فیصد میں کورونا کی علامات نہ ہونے کے برابر ظاہر ہوئی ہیں اس لیے انتہائی کم علامات ظاہر ہونے پر مریضوں کے مرض میں مبتلا ہونے کا اندازہ نہیں ہوتا۔صوبے میں اب تک وائرس میں مبتلا ہونے والے مریضوں کی اکثریت کی عمریں 30 سے 40 برس کے درمیان ہے،
ان کا تناسب مجموعی مریضوں میں سے 33.2 فیصد ہے جبکہ 15 سے 29 برس کے مریضوں کا تناسب 26.62 ہے۔محکمہ صحت کا مزید کہنا ہے کہ اب تک کورونا 60 سے زاہد برس کے افراد پر انتہائی تیزی سے حملہ آور ہوا ہے اس کے علاوہ صوبے میں 80 فیصد مرد جبکہ بیس فیصد خواتین کورونا کا شکار ہوئیں۔خیال رہے کہدنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ موذی وبا سے اب تک متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 20 ہزار 164 ہو گئی ہے۔ جبکہ 462 افراد مہلک وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ 14 ہزار 109 افراد ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ جبکہ 5 ہزار 593 افراد کورونا سے صحتیاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 افرادانتقال کر گئے۔پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 7 ہزار 524، سندھ میں 7 ہزار 465، خیبرپختونخوا میں 3 ہزار 129 ہے۔ بلوچستان میں 1 ہزار 218 ، گلگت بلتستان میں 4 اسلام آباد میں 393 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔ آزاد کشمیر میں 71 افراد کورونا کا شکار ہوئے۔ دوسری جانب عالمی سطح پر کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد ڈھائی لاکھ کے قریب، وباء سے متاثرہ افراد کی تعداد 35 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔