راولپنڈی : پاکستان پوسٹ نے پنشن ادائیگی کے نظام کو ملک کے تمام سرکاری اداروں کی ضروریات کے مطابق مکمل طور ہر کمپیوٹرائز کرنے اور اس کا دائرہ کار دوسرے اداروں تک بڑھانے کیلئے جامع منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے – اس سلسلے میں آئندہ مالی سال کے دوران پاکستان پوسٹ سے پنشن لینے والے پنشنرز کو اے ٹی ایم کے ذریعے پنشن ملے گی. پوسٹ آفس کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا ہے کہ سارا عمل تین ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا-انہوں نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ نے پنشن تقسیم کے موجودہ نظام میں پائی گئی
خامیوں اور نقائص کی نشاندھی اور اسے فول پروف اور ہر ممکن شفاف بنانے کیلئے پنشن نظام سے منسلک تجربہ کار افسران اور عملے سے تجاویز لیں اور انکی روشنی میں وزارت مواصلات کو نئے مجوزہ منصوبے سے آگاہ کرکے منظوری حاصل کی گئی- اس انقلابی منصوبے کے پہلے مرحلے میں ملک بھر کے تمام جی پی اوز میں اے ٹی ایم مشینیں لگیں گی اور بعد میں ان کے پوائنٹس کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا- اس سسٹم کے تحت پنشنرز کو یہ سہولت بھی ہو گی کہ وہ اپنی پنشن کسی بھی بنک کے اے ٹی ایم سے ہر وقت نکلوا سکیں گے۔ اس سلسلے میں پاکستان پوسٹ کی طرف سے تمام ضوابط کی کارروائی مکمل کرنے اور منظوری کیلئے سٹیٹ بنک اور دیگر متعلقہ اداروں سے رابطے جاری ہیں – بتایا جاتا ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل میں وزارت مواصلات حکام بھی دلچسبی لے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پوسٹ اس وقت 13 لاکھ ملٹری پنشنرز کے علاوہ پی ٹی سی ایل ، سی ڈی اے اور اپنے ادارے کے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن ادائیگی کی خدمات فراہم کر رہا ہے تاہم اس اقدام کے نتیجے میں بڑی تعداد میں دیگر سرکاری محکموں کارپوریشنز اور خود مختار اداروں کے ملازمین کی پنشن کی ادائیگی پاکستان پوسٹ سے شروع ہو جائے گی۔