اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)عمرکوٹ کی عدالت نے وفاق میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حلیم عادل شیخ کو مفرور قرار دے دیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ عمر کوٹ نے حلیم عادل شیخ کو مفرور قرار دینے کی کارروائی پیپلزپارٹی کے کارکن کے اغواء اور تشدد کے مقدمے میں کی ہے۔نجی ٹی وی جیو کے مطابق عدالتی ذرائع کے مطابق عدالت میں مسلسل غیر حاضر رہنے پر تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ کو مفرور قرار دے کر اخبارات میں مشتہر کردیا گیا ہے۔گزشتہ سال دسمبر میں حلیم عادل شیخ پر کُنری شہر میں پیپلزپارٹی کے کارکن کے اغواء اور تشدد کا مقدمہ درج ہوا تھا۔ملزم حلیم عادل شیخ کو گزشتہ تین ماہ سے عدالت میں پیشی سے غیر حاضر رہنے پرمفرور قرار دیا گیاہے۔ عدالت کی جانب سے عمرکوٹ ضلع کی عدالت سے مفرور 51 ملزمان کی تازہ فہرست میں حلیم عادل کا نام بھی شامل کرکے مشتہر کیا گیا ہے۔