Tuesday November 25, 2025

سندھ حکومت کے خلاف بیانات دینے پر وزیراعظم خوش، عمران خان نے وفاقی وزراء کو شاباش دے دی

اسلام آباد: سندھ حکومت کے خلاف بیانات پر وزیراعظم کی فیصل واوڈا اور علی زیدی کی تعریف، وزیراعظم عمران خان نے سندھ حکومت کی کا ناقص کارکردگی سامنے لانے پر وفاقی وزراء کی تعریف کی اور انہیں شاباش دی ہے۔ نجی ٹی وی چینل سماء نیوز کے مطابق آج وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے سندھ سے تعلق رکھنے والے دو وفاقی وزراء کی تعریف کی کہ انہوں نے سندھ حکومت کو ایکسپوز کیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واؤڈا کو شاباش دی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سندھ حکومت نے جلدبازی میں فیصلے کیے اور پھر صوبے کی عوام نے ان غلط فیصلوں کو بھگتا ہے اور فیصل واؤڈا اور علی زیدی نے سندھ حکومت کی اس ناقص کارکردگی اور اقدامات کو ایکسپوز کیا ہے، آپ نے بہت اچھا کام کیا ہے۔

خیال رہے کہ آج وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے سندھ حکومت پر الزام لگایا تھا کہ سندھ حکومت لوگوں کوبھوک سے مرنےسے بچانےمیں ناکام ہے، راشن کے پیسے بلاول ہاؤس جاتے ہیں۔ انہوں نے آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ راشن تقسیم کے تمام پیسےکہاں گئے،کس کودیئے؟۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ راشن تقسیم کے پیسے عوام کے پاس نہیں پہنچتے مگر بلاول ہاؤس ضرور جاتے ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران وفاقی کابینہ کے اراکین نے کرونا اقدامات کو ناقص قرار دیتے ہوئے سندھ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سندھ نے سب سے پہلے لاک ڈاؤن کیا مگر اموات بھی وہیں زیادہ ہوئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نےاٹھارویں ترمیم کےتحت صوبوں کوفیصلوں کاحق دیا مگر سندھ نے وزیر اعظم کی آواز پر لبیک نہیں کیا اُس کے سوا تمام صوبوں نے وزیراعظم کی آوازپر لبیک کہا۔ جبکہ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واؤڈا کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ نےآئینی اختیار کے مطابق فیصلہ کیا، اب ہمیں اُن کی تجربہ کاری کے نتائج کا انتظار ہے، کراچی کے علاقہ اندرون سندھ پربھی توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ وہاں کے حالات بہت زیادہ خراب ہیں، وزیراعلیٰ بارہ ارب کا حساب آج بھی نہ دے سکے۔