Tuesday November 25, 2025

کراچی بندرگاہ پر دنیا کے سب سے بڑے بحری جہاز کی پہلی مرتبہ آمد

کراچی : اب تک کا سب سے بڑا بحری جہاز کراچی بندرگاہ پہنچ گیا ہے۔ ترجمان کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی)کے مطابق سائوتھ یمپٹن ایکسپریس 12ہزار 600کینٹینرز لے کر آیا ہے ۔ جہاز کی آمد ابو ظہبی بندرگاہ سے ہوئی ہے۔ جہاز سے 2000 کنٹینرز کی ہینڈلنگ کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا ہے کہ جہاز کی لمبائی 366.1 میٹرز، بیم 48.3میٹرز اور ڈرافٹ(گہرائی)14.8 میٹرز ہے جو کہ 4 بجے ایس اے پی ٹی ایل (ساوتھ ایشیاء پاکستان ٹرمینل لمیٹیڈ) برتھ پر لنگر انداز ہوا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا ہے کہ جہاز پر موجود تمام عملہ صحتمند رپورٹ کیا گیا ہے اور کسی میں بھی کورونا کے اثرات نہیں پائے گئے ہیں۔ چیئرمین کے پی ٹی کی جانب سے جاری کئے گئے خصوصی احکامات کے تحت بندرگاہ پر تمام ممکنہ اور ضروری انتظامات اور دیگر حکومتی اداروں،ایجنسیوں کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے جہازوں کے عملے کی مکمل چیکنگ کی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں جراثیم کش ادویات کا سپرے بھی پورٹ کے اندر جاری ہے تاکہ تجارتی سرگرمیاں اثر انداز نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پورٹ آپریشنز 24 گھنٹوں کی بنیاد پر جاری ہے اور ہر طرح سے تجارتی سرگرمیوں سے منسلک عوامل کی کے پی ٹی مینجمنٹ ضروریات پوری کر رہی ہے۔