Tuesday November 25, 2025

تحریک انصاف کے نوجوان رکن اسمبلی سلمان نعیم کرونا وائرس کا شکار ہوگئے، ہسپتال منتقل کر دیا گیا

ملتان: تحریک انصاف کے نوجوان رکن اسمبلی سلمان نعیم کرونا وائرس کا شکار ہوگئے، سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں تصدیق کی گئی، رجب طیب اردگان ہسپتال متقل کر دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایک تشویش ناک خبر سامنے آئی ہے جس کے مطابق حکمران جماعت تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی سلمان نعیم بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ سلمان نعیم نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے پیغام میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی۔ سلمان نعیم کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ان کی صحت کے حوالے سے جو خبریں گردش کر رہی ہیں، وہ ان کی تصدیق کرتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سلمان نعیم کو رجب طیب اردگان ہسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے۔ انہیں آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سلمان نعیم تحریک اںصاف کے نوجوان رہنما ہیں، جنہوں نے آزاد حیثیت میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کیخلاف الیکشن لڑ کر فتح حاصل کی تھی۔ بعد ازاں انہوں نے تحریک انصاف کی حکومت میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ اب ان کے کرونا وائرس کا شکار ہونے پر سیاسی رہنماوں اور ان کے ووٹرز کی جانب سے رکن اسمبلی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار اور ان کی جلد صحتیابی کی امید ظاہر کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ملک میں اب تک کرونا وائرس کے 4700 کیسز سامنے آ چکے ہیں، جبکہ 67 افراد انتقال کر چکے۔ کرونا وائرس سے سب سے زیادہ پنجاب کا صوبہ متاثر ہوا ہے جہاں 2 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جبکہ شہروں میں لاہور اور ملتان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔