لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)عمراکمل نےبین الاقوامی کرکٹ کا طویل تجربہ حاصل کرنے کے بعد آگے جانے کی بجائے مسلسل پیچھے آنے کا ہی سفر شروع کر دیا ہے ۔ اب یہ صرف ان کی بیٹنگ فارم کا پیچھے آنا ہی نہیں بلکہ ان کی قسمت اور امیج کا معاملہ بھی کچھ ایسا ہی بن گیا ہے۔ ابتدائی چھ میچز میں لاہور قلندرز کی شکست کے بعد عمر اکمل سے کپتان اور سلیکٹرز
کچھ اس طرح سے ناراض ہوئے کہ انھیں کھلانا تو دور کی بات انھوں نے ٹیم کے ساتھ سٹیڈیم تک آنا بند کر دیا ۔ اس بارے میں لاہور قلندرز کے مالک رانا فواد نے تو ایک بڑی نحیف سی توجیہہ پیش کی تھی جس میں انھوںنے یہ کہا تھا کہ عمر اکمل کی فیملی ان کے ساتھ ہے۔ اگر انھیں ٹیم میں نہیں شامل کیا جارہا ہے تو اب کھلاڑی کو عزت دینےکا یہ تقاضاہے کہ اسے سٹیڈیم میں بیٹھنے پر مجبورکرنے کی بجائے اسے گھومنے پھرنے اور شاپنگ کرنے کی اجازت دی جائے ۔ لیکن یہ معاملہ تو بعد میں کھلا کہ کپتان برینڈن میکلم نے عمر اکمل کو ٹیم کے ساتھ سٹیڈیم آنے ، ٹیم کے ساتھ کھانا کھانے اور بس میں سفر کرنے سے روک دیاتھا۔ عمر اکمل نے اس بارے میں ہوٹل میں ایک شخص کو بتایا کہ ایک آئیکون کھلاڑی کو اپنے ہی ملک میں کی لیگ میں اپنی ہی ٹیم کے ساتھ سٹیڈیم جانے کی بجائے ہوٹل روک لینا سمجھ سے بالاتر ہے۔