Monday January 20, 2025

، کسی مسلمان کی بیٹی ’’میراجسم میری مرضی ‘‘کا نعرہ نہیں لگاسکتی،خادم رضوی

لالہ موسیٰ (نیوز ڈیسک) تحریک لبیک لالہ موسیٰ کے زیر اہتمام تاجدار ختم نبوت کانفرنس ہوئی۔ ہزرواں افراد نے شرکت کی۔ لالہ موسیٰ کیمپنگ گرائونڈ میں منعقد ہونے والی تاجدار ختم نبوت کانفرنس کی صدارت پیر سید ظہیر الحسن شاہ، جبکہ سرپرستی قاضی محمود اعوان قادری آستانہ عالیہ اعوان شریف نے کی۔ مولانا خادم حسین رضوی نے خصوصی خطاب کیا۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے۔ خادم حسین رضوی کا لالہ موسیٰ پہنچتے ہی پرانی چونگی کے قریب والہانہ استقبال کیا گیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور بڑے جلوس کی شکل میں پنڈال تک لایا گیا۔ مولانا خادم حسین رضوی نے تاجدار ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے

ہوئے کہا کہ میرا جسم میری مرضی کے نعرے لگانے والے یہودونصاریٰ کے ایجنٹ ہیں ۔ کسی مسلمان کی بیٹی میرا جسم میری مرضی کا نعرہ نہیں لگا سکتی۔ جب کوئی کلمہ پڑھ لیتا ہے تو اس کے جسم پر مرضی شریعت محمدی کی ہوجاتی ہے۔ حکمرانوں نے اگر عقل کے ناخن نہ لیے اور بے ہودہ، فحش نعرے لگانے والوں کو نہ روکا تو ہم اس کو روکیں گے۔ ہم ان کو اسلامی ملک جو دین اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا میں ان خرافات کی اجازت نہیں دیں گے اور ان کو روکیں گے، ہم ان کے رستے کی دیوار بنیں گے۔ ہمیں قرآن کی نعمت سے اللہ تعالیٰ نے نوازا ہے لیکن ہم قرآن پڑھتے نہیں۔ ہمیں آج یہ وقت دیکھنا پڑ رہا ہے تو صرف قرآن سے دوری کی وجہ سے، نماز سے دوری کی وجہ سے۔ انڈیا ہمارا کبھی دوست نہیں ہو سکتا۔ اب کشمیر بلے سے نہیں تلوار سے آزاد کروانے کا وقت آگیا ہے۔ بھوک، پیاس اور بھارتی افواج کے ظلم و ستم سے شہید ہوتے کشمیری پکار رہے ہیں۔ ان کی آہوں، سسکیوں کو سنو، اٹھو۔ تحریک لبیک کا ہر کارکن اپنی گردنیں کٹوانے اور جام شہادت نوش کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ کارکن آئندہ آنے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں۔ اور تحریک لبیک کے پلیٹ فارم سے کونسلرز، چیئرمین، وائس چیئرمین منتخب کریں۔ ہم اپنے عملی کام کی طرف چل پڑے ہیں، کامیابی تب ہی ممکن ہو گی جب آپ اپنے آقا ؐ کی ناموس کا پہرہ دیں گے۔

عبدالواحد سیالوی ضلعی امیر نے کہا کہ کھلے آسمان تلے، سردی اور برستی رم جھم میں ہزاروں افراد کی موجودگی نے اس بات کو ثابت کیا کہ لالہ موسیٰ کے باسی نظام مصطفی کے نفاذ کیلئے تن من دھن کی قربانی دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔کارکنوں کے اس جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں، ہمارے کارکن ہی ہمارا سرمایہ ہیں۔ ہم آپ کے دلی شکر گزار ہیں کہ آپ تشریف لائے، ہمیں عزت بخشی اور ہمارا مان بڑھایا اور اس ختم نبوت کانفرنس کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ قاری غلام سرور مجددی، ڈاکٹر نور محمد دانش قادری، صوفی محمد اقبال زرگر، مفتی عبدالسلام ہاشمی، قاری شہزاد امجد، ماسٹر محمد اصغر، طاہر اسلام چشتی، گوہر اسلام قریشی، شاہد رضوان، راجہ شہزاد، مشتاق احمد بٹ سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

FOLLOW US