کراچی (ویب ڈیسک) سندھ کابینہ نے گندم چوری کی روک تھام اور ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے گندم بیگ پر کوڈ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں گندم کی خریداری سے متعلق تبادلہ خیال کرتے ہوئے بریفنگ میں بتایا گیا کہ 4 لاکھ ٹن گندم پاسکو سےخرید چکےہیں، آٹے کی قیمت 55سے 56 روپے کلو ہوگئی تھی جو اب نیچے آگئی ہے، مارکیٹ میں فائن آٹا 47روپےکلو اور ڈھائی نمبر آٹا 43 روپے کلو ہے۔ کابینہ میں کہا گیا کہ وفاقی کابینہ نے گندم سپورٹ پرائس1365روپےفی کلومقرر کی تھی تاہم وفاقی کابینہ گندم سپورٹ پرائس پر نظرثانی کر رہی ہے اس لیے وفاق سے پرائس فکس ہونے کے بعد اپنےنرخ مقر کریں گے۔
اجلاس میں گندم کی ایک سےدوسرے ضلع منتقلی کیلئے بیگ پر کوڈ لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے 15.410ارب روپےکی 1.4 ملین ٹن گندم خریدنے کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خریدی گئی گندم کسی صورت خراب نہیں ہونی چاہیے، پروکیورمنٹ سینٹرز پر ان افسران کو رکھا جائےجن پر کوئی کیس نہ ہو جب کہ سب کمیٹی کوہدایت کی وہ باردانےکی تقسیم کا میکنزم بنائے۔ دوسری جانب زخیرہ اندوزوں کے لیے سخت ایکشن بارے بتاتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا سمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون عوامی ریلیف کے لئے بڑا قدم ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں کہا کہ قومی معیشت کو اربوں کا نقصان پہنچانے والے سمگلروں کی سرکوبی کی جارہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں کمی کا روڈ میپ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے، عوام کے دکھوں کا مداوا اور ان کیلئے ریلیف کی فراہمی ہمارا بنیادی نصب العین ہے۔انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کی جائے گی جس سے عوام کو مناسب قیمت پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔