Tuesday November 25, 2025

وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق دنیافانی سے کوچ کرگئے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق انتقال کرگئے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور چند گھنٹے قبل انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے بانی و سینئر رہنما اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق انتقال کر گئے ہیں۔ نعیم الحق طویل عرصے سے بلڈ کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے اور ان کا علاج جاری تھا۔مزید بتایا گیا ہے کہ نعیم الحق اسلام آباد میں مقیم تھے اور طبیعت مزید خراب ہونے پر کل ہی اسلام آباد سے کراچی آئے تھے اور انہیں گزشتہ رات ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ہفتے کے روز ان کی طبیعت مزید بگڑ گئی تھی جس کے بعد انہیں

کراچی کے ایک نجی ہسپتال کے آئی سی یو میں منتقل کر گیا تھا۔تاہم اب افسوسناک خبر موصول ہوئی ہے کہ نعیم الحق انتقال کر گئے ہیں۔وفاقی وزیر فواد چوہدری نے نعیم الحق کے انتقال کر جانے کی تصدیق کی ہے۔ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ نعیم الحق نے ایک شیر کی طرح کینسر کے مرض کا مقابلہ کیا۔ وہ ہمارے دوست، ساتھی اور بڑے تھے، انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ جبکہ مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے نعیم الحق کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے تحریک انصاف کی کامیابی کیلئے بھرپور جدوجہد کی تھی۔ وہ بیماری کے باوجود عمران خان کی کامیابی کیلئے جدوجہد کرتے رہے، تاہم ہفتے کے روز وہ بالآخر کینسر کے مرض کے ہاتھوں جان کی بازی ہار گئے۔