Wednesday May 21, 2025

توہین عدالت کیس ; سپریم کورٹ کا دانیال عزیز پر فرد جُرم عائد کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد سپریم کورٹ نے ن لیگی رہنما دانیال عزیز پر فرد جُرم عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ سماعت میں دانیال عزیز اپنے وکیل علی رضا کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔ دانیال عزیز کے وکیل نے کہاکہ

ہم نے جواب جمع کروا دیا ہے لہٰذا عدالت دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کے نوٹس کو خارج کرے۔ عدالت نے دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس خارج کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔ جس پر جسٹس عظمت سعید کا کہنا تھا کہ کیا آپ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ پریس کانفرنس کو غلط اندازمیں پیش کیا گیا؟ مجھے جج بنے 14 سال ہو چکے ہیں، میں نے 14 سالوں میں کبھی کسی کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس نہیں لیا۔ میں نے تو فیصلوں میں یہاں تک لکھا کہ فیصلوں میں فئیر اور ان فئیر کمنٹس ہو سکتے ہیں۔ اب میں فیڈ اپ ہو چکا ہوں۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ ہم دانیال عزیز کی جانب سے جمع کروائے جانے والے جواب سے مطمئن نہیں ہیں ۔بادی النظر میں دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ بنتا ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق انصاف ہو گا۔ سپریم کورٹ نے دانیال عزیز پر فرد جُرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت کو 13 مارچ تک ملتوی کر دیا ۔ دانیال عزیز پر 13 مارچ کو فرد جُرم عائد کی جائے گی۔