اسلام آباد ( ) قومی اسمبلی میں سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد اور فاٹا کی نشستوں پر مسلم لیگ (ن)کے حمایت یافتہ آزاد اور فاٹا کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کرلی،اسلام آباد کی ٹیکنو کریٹ کی نشست پرمسلم لیگ (ن)کے حمایت یافتہمشاہد حسین سید223اورجنرل نشست پراسد جونیجو214ووٹ لیکر کامیاب ہوئے ہیں جبکہ فاٹا سے شمیم آفریدی،مرزا محمد آفریدی
،ہلال الرحمن اور ہدایت اللہ نے 7،7 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی ہے۔ہفتہ کو سینیٹ کے انتخابات کیلئے پولنگ پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوئی ۔چار بجے پولنگ کے اختتام کے بعد ریٹرننگ افسر ظفر اقبال نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سینیٹ کے انتخابات کیلئے مجموعی طور پر 300 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ہے۔ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق اسلام آباد سے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار مشاہد حسین سید نے 223 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے 13 ووٹ مسترد ہوئے ،ان کے مدمقابل پاکستان پیپلزپارٹی کے راجہ شکیل عباسی صرف 64 ووٹ حاصل کر سکے۔ جنرل نشست پر مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار اسد جونیجو نے 214 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے 9 ووٹ مسترد ہوئے ان کے مدمقابل پیپلزپارٹی کے راجہ عمران اشرف صرف 45 اور پی ٹی آئی کی امیدوار کنول شوزب 32 ووٹ حاصل کر سکیں۔ فاٹا کی چار نشستوں کیلئے شمیم آفریدی، مرزا محمد آفریدی، ہدایت اللہ اور ہلال الرحمن نے سات ،سات ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔ فاٹا کے 11 میں سے سات ارکان نے حق رائے دہی استعمال کیا۔