لاہور(ویب ڈیسک) لاہور سمیت پنجاب کئی شہروں میں بارش کے بعد موسم سرد ہو گیا جبکہ پہاڑوں پر برفباری کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے دباؤ کا سسٹم بلوچستان سے ہوتا ہوا سندھ کے ساحلی علاقوں میں داخل ہو گیا جو بارش برسانے کا سبب بن رہا ہے۔لاہور میں گڑھی شاہو، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ،
جیل روڈ، رائیونڈ، سمن آباد، ایبٹ روڈ، ایمپرس روڈ، لکشمی چوک، کوٹ لکھپت، چونگی امر سدھو اور ملحقہ علاقوں میں بوندا باندی ہوئی۔ ملتان میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ادھر بلوچستان کے علاقے چاغی اور خضدار میں ہلکی بارش نے سردی کو بڑھا دیا۔ وادی زیارت اور کوڑک ٹاپ پر برفباری بھی ہوئی۔ مالاکنڈ ڈویژن اور چترال کے پہاڑوں پر برفباری سے کئی مقامات پر سڑکیں بند ہو گئیں جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، فاٹا، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ کوئٹہ، ژوب، ڈی جی خان ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤ ں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔