Friday July 26, 2024

ملک بھر میں 24گھنٹوں تک موسم کیسا ہوجائیگا؟ شہری تیاری کرلیں ، محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی

لاہور (نیو زڈیسک ) پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج برقرار ہے جس کے باعث معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں جبکہ سردی کی شدی میں بھی کمی نہ آسکی ،حد نگاہ صفر ہونے سے موٹرویز کئی مقامات پر بند کر دی گئی، دھند کے باعث کئی پروازیں اپنے مقررہ وقت پر اڑان نہ بھر سکیں، ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔تفصیلات کے مطابق لاہورسمیت

پنجاب کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز بھی دھند کا راج رہا،کئی مقامات پر حد نگاہ صفر رہی جس کے باعث موٹر وے کے مختلف سیکشنز بند کر دیئے گئے۔رات گئے راوی ٹول پلازہ سے پنڈی بھٹیاں تک شدید دھند کی وجہ سے موٹر وے پر ہر قسم کی گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ۔ تاہم صبح ہوتے ہی دھند کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے جس کے بعد لاہور سے موٹروے کو ٹر یفک کے لیے کھول دیا گیا ۔موٹر وے ترجمان کے مطابق ہلکی دھند قومی شاہراہ پر موجود ہے۔ موٹروے پولیس نے مسافروں کو تیز رفتاری سے پر ہیز کرنے، فوگ لائٹس کا استعمال کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کر نے کی ہدایت کی ہے۔ مسافر کسی بھی صورت حال اور ایمر جنسی میں موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130پر رابطہ کر سکتے ہیں۔نیشنل ہائی وے بھی دھند کے باعث دھند لائی رہی۔ پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی تک کئی مقامات پر حد نگاہ صفر رہی۔ خانیوال، ملتان موٹر وے دھند کے باعث رات بھر بند رہی۔ دھند کے باعث ایئرپورٹس پر بھی پروازوں کا شیڈول متاثر رہا، کئی پروازیں اڑان نہ بھر سکیں، ٹرینیں بھی رینگ رینگ کر چلتی رہیں۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق شدید

دھند کے باعث شمالی اور جنوبی پنجاب میں پروازوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ۔لاہور سے کراچی جانے والی پرواز ،کراچی سے ملتان جانے والی پرواز ،فیصل آباد سے کراچی جانے والی پرواز ،سیالکوٹ سے جدہ جانے والی پرواز ،لاہور سے جدہ جانے والی تاخیر کا شکار ہوئی۔ترجمان پی آئی اے نے ہدایت کی ہے کہ مسافر ایئرپورٹ آنے سے قبل پرواز کا شیڈول ضرور معلوم کرلیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے، سکردو میں پارہ منفی 9، کالام میں منفی 7 اور کوئٹہ میں منفی 6 تک گر گیا۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تا ہم صبح اور رات کے اوقات میں پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔

FOLLOW US