Thursday September 18, 2025

الیکشن سے متعلق تمام شکوک وشبہات دم توڑ گئے ،انتخابات سے قبل ترجمان پاک فوج نے اہم بات کہہ دی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ الیکشن سے متعلق تمام شکوک وشبہات دم توڑ گئے ہیں،انتخابات 2018ء میں ہمارا کردار معاونت کا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غور نے انتخابات 2018ء کے سلسلے میں راولپنڈی میں میڈیا کو بریفنگ دیتےہوئے مزید کہا کہ یہ تیسرا الیکشن ہوگا جب عوام جمہوری تسلسل کو برقرار رکھیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ 25 جولائی کو الیکشن کمیشن کی معاونت کریں گے ، گزشتہ الیکشن میں بھی فوج خدمات انجام دیتی رہی ہے، ملک میں امن وامان برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پولنگ ڈے پر پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر اپنے نمائندے تعینات کریں گے، اس سلسلے میں

افواج پاکستان نے راولپنڈی میں سپورٹ سینٹر قائم کیا ہے، جو پورے پاکستان میں الیکشن کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن سے رابطہ کرے گا۔میجر جنرل آصف غفور نے مزید کہا کہ 2018ء کے الیکشن میں پہلی بار فوج تعینات نہیں ہو رہی، پچھلے الیکشنز میں بھی فوج خدمات انجام دیتی رہی ہے، الیکشن کے کنڈکٹ میں پاک فوج کا براہ راست کوئی کردار نہیں ہے، 2013ء کے الیکشن نسبتاً مشکل تھے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے غیر سیاسی اور غیر جانبدار رہتے ہوئے الیکشن کمیشن کی مدد کرنی ہے، بیلٹ پیپرز کی ترسیل الیکشن کمیشن کے عملے کے ساتھ ہی ہورہی ہے، 25 جولائی سے 3 روز پہلے فوج کی تعیناتی مکمل کرلی جائے گی، پولنگ اسٹیشن کے اندر موجود جوان کی ذمے داری فری اینڈ فیئر الیکشن میں رکاوٹ نہ ہونے دینا ہے۔