ایک بے وقوف چور نے اپنی شناخت کو چھپانے کے لیے اپنے چہرے پر سبز رنگ کر لیا۔ پچھلے ہفتے روسی شہر کراسنوڈار میں ایک 23سالہ شخص نے مقامی ریلوے سٹیشن پر ایک خاتون کا پرس چھین لیا۔ خاتون کےاطلاع کرنے پر پولیس نے ریلوے اسٹیشن پر لوگوں سے چور کے حلیے کے بارے میں پوچھا تو لوگوں نے اس کے سبز چہرے کے بارے میں بتایا۔اسکے بعد پولیس کے لیے ساڑھے سات لاکھ آبادی کے شہر میں کسی سبز چہرے والے کو ڈھونڈنا کچھ زیادہ مشکل نہیں رہا۔
پولیس نے اس عجیب و غریب چہرے والے شخص کو تلاش کر کے گرفتار کرلیا۔یہ سب اتنی جلدی ہوا تھا کہ چور خاتون کے پرس سے کچھ بھی نہیں نکال سکا تھا۔ پرس کو خاتون کے حوالے کر دیا گیا۔تفتیش کے دوران چور نے بتایا کہ اس نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے چہرے پر سبز رنگ کیا تھا۔ اس واردات سے چور کو پتاچل گیا ہوگا کہ اس کے ساتھی چہرے پر نقاب کیوں لگاتے ہیں۔نقاب چہرے کی شناخت بھی چھپاتا ہےاور اس سے جلدی چھٹکارا پایا جا سکتا ہے ، جبکہ اس چور کو چہرے پر سے رنگ اتارنے کا وقت ہی نہیں مل سکا۔اب یہ چور جیل میں سزا کاٹ رہا ہے۔