Wednesday January 22, 2025

سابق برطانوی وزیراعظم نے پاکستانی شخص کی کمپنی میں ملازمت اختیارکرلی

واشنگٹن (نیوز ڈیسک ) برطانیہ کے سابق وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے 2016 میں بریگزٹ کے معاملے پر ریفرنڈم کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اب ان کے بارے میں خبریں سامنے آئی ہیں کہ انہوں نے پاکستانی نژاد ضیاءچشتی کی کمپنی میں ملازمت اختیار کرلی ہے۔واشنگٹن میں واقع مصنوعی ذہانت کی کمپنی’ افینٹی‘ نے برطانیہ کے سابق وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کو اپنے ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین کے طور پر بھرتی کیا ہے۔ کمپنی کے ایڈوائزری بورڈ میں دیگر مشہور شخصیات بھی موجود ہیں جن میں بی پی کے سابق چیف ایگزیکٹو لارڈ براؤن اور میڈیا موگل روپرٹ مرڈوک کی صاحبزادی الزبتھ مرڈوک شامل ہیں۔ علاوہ ازیں اس ایڈوائزی

بورڈ میں دی ٹائم اور دی سنڈے ٹائمز جیسے تاریخی جرائد کے چیئرمین اینڈریو نائٹ ، فرانس کے سابق وزیر اعظم فرانسس فیلون بھی شامل ہیں، اس ایڈوائزری بورڈ کی سال میں 4 مرتبہ میٹنگز ہوتی ہیں۔’افینٹی‘ اور الائن ٹیکنالوجی کے مالک ضیاءچشتی 1971 میں امریکہ میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد کے 1974 میں انتقال کے بعد وہ اپنی والدہ کے ساتھ لاہور آگئے جہاں ان کا نام ولسن لیئر سے تبدیل کرکے ضیاءچشتی رکھ دیا گیا۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم پاکستان میں مکمل کی جس کے بعد وہ 1988 میں دوبارہ امریکہ چلے گئے جہاں انہوں نے نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی سے کمپیوٹر سائنس اینڈ اکنامکس کی ڈگری حاصل کی۔ضیاءچشتی نے مورگن سٹینلی سے بطور انویسٹمنٹ بینکر اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور آج اربوں ڈالر مالیت کی سافٹ ویئر اور مصنوعی ذہانت کی کمپنی افینٹی اور لگ بھگ 2 ارب ڈالر کے سرمایہ کی حامل الائن ٹیکنالوجی کمپنی کے مالک ہیں۔ پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی سیاحت کو فروغ دینے پر حکومت پاکستان نے مارچ 2018 میں انہیں ستارہ امتیاز سے نوازا تھا۔

FOLLOW US