اتر پردیش:کورونا کی وباء میں شادیوں کا جنون، دولہا 100 کلومیٹر سائیکل چلا کر دلہن کی رخصتی کرا کے لے آیا،عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیےدنیا بھر میں متعدد ممالک میں لاک ڈاؤن اور جزوی کرفیو نافذ کیا گیا ہے اور لوگوں کو اپنے گھروں میں ہی رہنے کی ہدایات کی جا رہی ہیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے شادی بیاہ کی تقریبات سمیت تمام تر عوامی اجتماعات پر بھی پابندی عائد ہے جس کہ وجہ سے بے شمار لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔لاک ڈاؤن میں شادی بیاہ کی تقریبات کرنے پر دُلہے کو گرفتار کرنے کے بھی بے شمار واقعات سامنے آ چکے ہیں۔اب حال ہی میں بھارت میں انوکھا ہی واقعہ سامنے آیا ہے
جہاں دُلہا نے لاک ڈاؤن کے باعث اپنی شادی کے لیے سائیکل پر 100کلومیٹر کا طویل سفر طے کیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ضلع ہمیرپور کے گاؤں پاؤتھیا میں رہائش پزیر کلکو نامی دُلہا نے لاک ڈؤان کے باوجود بھی اپنی شادی کی خاطر سائیکل پر 100 کلو میٹر کا سفر طے کیا اور ضلع ماہوبا کے گاؤں پونیا میں شادی کر کے اپنی دلہن کو سائیکل پر بٹھا کر گھر لے آیا۔کلکو نامی دُلہے کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پولیس نے باراتیوں کو ساتھ لے جانے پر منع کیا تھا اور میرے دوستوں نے مجھے مشورہ دیا کہ اپنی شادی ملتوی نہیں کرو اور اکیلے جا کر شادی کر آؤ۔دُلہے نے سائیکل پر 100 کلومیٹر کا سفر طے کرنے کے بعد بابا دھنی داس آشرم میں شادی کی اور پھر وہ اپنی اہلیہ کو سائیکل پر لے کر اپنے گاؤں پاؤتھیا روانہ ہو گیا۔دُلہے کا کہنا تھا کہ میں اپنی شادی کویادگار بنانا چاہتا تھا مگر میں نے یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ میری شادی ایسے حالات میں ہوگی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میں جسمانی طور پر تو بے حد تھکاوٹ محسوس کر رہا ہوں مگر میں بہت خوش بھی ہوں کیوں کہ میں اپنی دلہن کو گھر لے آیا ہوں۔