Monday November 25, 2024

ماہِ رمضان نیکیاں کمانے کا سیزن اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو ماہِ رمضان کی صورت میں وہ عظیم تحفہ عنایت فرمایا جس کا ہم لوگ تصور بھی نہیں کر سکتے ایمان افروز تحریر

کسی بھی موقعے سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ اس کے متعلق بہتر انداز میں حکمت عملی کی جائے۔ جس طرح دنیوی معاملات میں بہتر حکمت عملی کرنے سے مقصد کو حاصل کرنا آسان بن جاتا ہے اسی طرح اخروی معاملات کے لیے بھی اگر بہتر حکمت عملی بنائی جائے اور اس پر عمل بھی کیا جائے توان شاء اللہ اخروی مقصد کو پانا بھی آسان بن جائے گا۔اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو ماہِ رمضان کی صورت میں ایک عظیم تحفہ عنایت فرمایا ہے، جسے نیکیاں کمانے کا سیزن کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔

اس بابرکت ماہ میں زیادہ سے زیادہ نیکیاں سمیٹنے کے لیے ضروری ہے کہ مکمل حکمت عملی کے ساتھ وقت کا صحیح استعمال کیا جائے۔ اس ماہ سے بھرپور فائدہ حاصل کرنے کے لیے ذیل میں کچھ تجاویز ذکر کی جارہی ہیں۔روزہ ایک ایسی عظیم عبادت ہے کہ جس کا بدلہ اللہ تعالیٰ بندے کو خود عطا فرمائیں گے۔لہٰذا بغیر کسی شرعی عذر کے روزہ بلکل بھی نہ چھوڑیں۔ آج ہمارے سادہ مسلمان بغیر کسی شرعی عذر کے روزہ چھوڑنے کے عادی بن چکے ہیں حالانکہ بغیر کسی شرعی عذر کے روزہ چھوڑنا سخت گناہ ہے۔ دراصل یہ ایمان کی کمزوری کی نشانی ہے۔لغو اور فضول باتوں سے اجتناب کرتے ہوئے گناہوں سے پرہیز کریں۔گناہوں سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ گناہوں میں مبتلا کرنے والے اسباب سے بچا جائے۔ موجودہ دور میں گناہوں میں مبتلا ہونے کا ایک بڑا سبب انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا ہے۔ جس کا بے مقصد استعمال ضیاعِ وقت کے ساتھ ساتھ کئی گناہوں میں مبتلا کردیتا ہے۔ جس میں موسیقی، بدنظری وغیرہ جیسے سخت گناہ شامل ہیں۔اپنے دنیوی معاملات کو مختصر بنالیں۔جتنا ہوسکے اپنا وقت عبادت میں گزاریں۔ خود کو صرف ایک ختم القرآن تک محدود نہ رکھیں بلکہ زیادہ سے زیادہ تلاوتِ قرآنِ کریم کا اہتمام کریں۔

ہر نماز کے بعد تلاوت کا ایک مقدار مقرر کرلیں اور پابندی کے ساتھ اس پر عمل کریں۔ فرائض و نوافل کے ساتھ ساتھ تلاوتِ قرآن اور ذکرواذکار کا اہتمام کرنا چاہیے۔ اپنے ساتھ ایک تسبیح ضرور رکھیں کیونکہ اس کی موجودگی آپ کو ذکر و اذکار میں مشغول رکھنے کا سبب بنے گی۔فرائض کے ساتھ نوافل کا بھی خصوصی اہتمام کریں۔ یہاں تک کہ اشراق، چاشت اور اوابین پڑھنے کا بھی معمول بنالیں۔ سحری کے وقت کھانے سے کچھ دیر قبل اٹھ جائیں اور تہجد پڑھ لیں۔فحش گوئی اور گالی گلوچ سے پرہیز کریں۔ اپنی نگاہوں کی حفاظت کریں اور تقویٰ اختیار کریں۔نبی کریم ﷺ دوسرے مہینوں کی بنسبت رمضان المبارک میں زیادہ سخاوت کرتے تھے۔ہمیں بھی چاہیے کہ رمضان المبارک میں صدقات و خیرات کا خصوصی اہتمام کریں۔ اپنے آس پاس موجود غرباء و مساکین کا خصوصی خیال رکھیں۔ بعض لوگ ضرورت ہونے کے باوجودہاتھ نہیں پھیلاتے، راشن وغیرہ کی صورت میں ایسے لوگوں کی مدد کرکے قیمتی دعاؤں کے مستحق بنیں۔دعاؤں کا خصوصی اہتمام کریں اور اپنے گناہوں کی معافی مانگتے رہیں۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ روزہ دار کی دعا رد نہیں کی جاتی۔اپنی قیمتی دعاؤں میں پوری امتِ مسلمہ اور خصوصًا پاکستان کو ضرور یاد رکھیں۔رمضان ٹرانسمیشن کے نام پر نیکیاں کمانے کا جو شارٹ کٹ متعارف کروایا گیا ہے، اس سے اجتناب کریں۔ اس قسم کے اکثر پروگراموں کے ذریعے اسلام کو الگ طریقے پیش کرنے کی کوشش کی جاتی ہے جو سراسر غلط ہے۔گھر والوں اور بچوں کی تربیت کے لیے ایک وقت مقرر کرلیں جس میں ان کو ماہِ رمضان کی فضیلت کے ساتھ ساتھ اسلامی تعلیمات کے متعلق بھی آگاہی فراہم کریں۔ہماری یہ زندگی اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کی ہوئی ایک عظیم نعمت ہے۔ لہٰذا ہماری کامیابی اسی میں ہے کہ ہم اپنی زندگی کا ایک ایک لمحہ اللہ تعالیٰ کی اطاعت و فرمانبرداری میں گزاریں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اعمالِ صالحہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین۔

FOLLOW US