Sunday May 19, 2024

موبائل صارفین کیلئے خوشخبری! سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی بیرون ملک سے 2 موبائل فون لانے پر ٹیکس ختم کرنے کی سفارش، پی ٹی اے نے حمایت کردی

اسلام آباد : بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی پریشانی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بیرون ملک سسے دو موبائل فون لانے پر عائد کیے جانے والے ٹیکس کے حوالے سے اہم ترین پیش رفت سامنے آئی۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ بیرون ملک سے 2 موبائل فون لانے پر ٹیکس ختم کیا جائے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی سفارش پر چئیرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بھی حمایت کر دی۔ جبکہ سینیٹر رحمان ملک نے تمام ائیر پورٹس پر فری وائی فائی مہیا کرنے کی تجویز بھی دے دی۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ ائیرپورٹس پر انٹرنیٹ نہ ہونے کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بیرون ملک سے لائے جانے والے دو موبائل فونز کو ٹیکس سے مستثنیٰ کرنے کی تجویز کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عوام کو کچھ ریلیف ملے گا۔ یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے بیرون ملک سے ایک موبائل فون لانے پر بھی ٹیکس عائد کردیا تھا۔ اس بات کا انکشاف سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں ہوا، جس کی صدارت سینیٹر روبینہ خالد نے کی۔ اس موقع پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) ، پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور کسٹمز حکام نے شرکت کی جبکہ دیگر سینیٹر بھی اجلاس میں موجود تھے۔ دوران اجلاس کسٹم حکام کی جانب سے یہ انکشاف کیا گیا تھا کہ حکومت نے بیرون ملک سے ایک موبائل لانے والے پر بھی ڈیوٹی عائد کردی ہے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ بیرون ملک سے اب کوئی ایک فون بھی لائے گا تو اسے ڈیوٹی ادا کرنا ہوگی جس کے بعد اوورسیز پاکستانیوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اس ٹیکس کی مخالفت کی تھی۔

FOLLOW US