لاہور : چینی، گھی اور آٹا مہنگا، اتحادی حکومت نے جاتے جاتے اسٹورز پر سبسڈی میں کمی کر دی۔ علاوہ ازیں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحقین کیلئے بھی یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی، گھی اور آٹا مہنگا کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے جاتے جاتے عوام کیلئے یوٹیلٹی اسٹورز پر سبسڈی میں کمی کر دی۔ بجٹ میں یو ایس سی کیلئے سبسڈی کی رقم 30 ارب سے بڑھا کر 35 ارب روپےکر دی گئی تھی، پھر بھی حکومت جاتے ہی قیمتیں بڑھ جانا حیران کن ہے، جبکہ یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیا کی قلت پیدا ہونے سے شہریوں کی پریشانیوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی سمیت کئی اشیا کی قلت ہے جبکہ شہری لمبی لمبی لائنوں میں لگ کر سستی چیزوں کے لئے خوار ہو گئے ہیں۔
یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر گھی 53 روپے فی کلو مہنگا کر دیا گیا ہے، بی آئی ایس پی مستحقین کے لیے گھی 300 سے بڑھا کر 353 روپے کلو کر دیا گیا، آزادی پیکیج کے تحت آٹے کا 10 کلو کا تھیلا 648 روپے میں دستیاب ہوگا۔یوٹیلیٹی سٹورز پر وزیر اعظم آزادی پیکیج کا 11 اگست سے آغاز ہوگا، چاول اور دالوں پر 25 روپے فی کلو رعایت ہوگی، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے صارفین وزیر اعظم آزادی پیکیج کے اہل ہوں گے۔ یاد رہے کہ گھی، چینی اور آٹے کے علاوہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر دالوں اور چاول کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا، دال کی قیمت میں 20 روپے جب کہ چاول کی قیمت میں 12 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔ چنے کی دال فی کلو 20 روپے مہنگی کی گئی ہے، دال مسور اور سفید چنے کی فی کلوقیمت میں بھی 20 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ٹوٹا باسمتی چاول کی فی کلو خریداری کے لیے صارفین کو اب 12 روپے اضافی ادا کرنے ہوں گے، سپرباسمتی چاول کی فی کلو قیمت میں 10 روپے کا اضافہ ہوا ہے، قیمتوں میں اضافے کا اطلاق کل سے ہوگا۔